ایران کی دستکاری کی صنعتوں، ثقافتی میراث اور سیاحت کی تنظیم کی سربراہ نے کہا ہے کہ ایران، دنیا کے تمام سیاحوں کے لئے ایک محفوظ اور پرامن منزل ہے۔

ایران کی دستکاری کی صنعتوں، ثقافتی میراث اور سیاحت کی تنظیم کی سربراہ زہرا احمدی پور نے تہران میں فرانسیسی سفیر فرانسوا سنمو سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ فرانسیسی ذرائع‏ ابلاغ اور سیاحوں کے لئے ایران کے سیاحتی مقامات کے بارے میں تشریح سے متعلق مواقع کی فراہمی، فرانسیسی عوام اور سیاحوں کے لئے ایران کے حقیقی سیاحتی ماحول سے واقفیت کا باعث بنے گی۔

انھوں نے مختلف ملکوں کے درمیان ثقافتی مفاہمت کو امن و احترام پر مبنی تعلقات کے قیام کا باعث قرار دیا اور کہا کہ ایران، تمام ملکوں کے ساتھ پرامن اور متوازن تعلقات کے فروغ کا راستہ طے کر رہا ہے۔

زہرا احمدی پور نے ایران کی دستکاری کی صنعتوں کی مختلف اقسام اور فن پاروں سے متعلق فرانسیسی عوام کی دلچسپی کی طرف اشارہ کرتے ہوئے ایرانی دستکاری کی مصنوعات کی، فرانس کے لیے برآمدات میں اضافے پر توجہ دینے کی ضرورت پر زور دیا۔

اس ملاقات میں تہران میں فرانس کے سفیر نے بھی ایران کے ثقافتی تشخص کو فرانسیسی عوام کے لئے شناختہ شدہ قرار دیا اور کہا کہ فرانسیسی سیاحوں کو ایران کا سفر اختیار کرنے کی ترغیب دلائی جاتی ہے اس لئے کہ ایران، علاقے کا ایک پرامن ترین ملک ہے۔

Jan ۱۱, ۲۰۱۷ ۱۰:۲۸ UTC
کمنٹس