ہندوستان کی پانچ ریاستوں کے اسمبلی انتخابات سے قبل بجٹ پیش کرنے کے حکومتی اقدام پر اپوزیشن کی جانب سے مخالفت کئے جانے کے بعد الیکشن کمیش نے حکومت سے کہا ہے کہ وہ اس سلسلے میں دس جنوری سے پہلے پہلے اپنا جواب دے۔

ہندوستان کی اپوزیشن جماعتوں نے جمعے کو چیف الیکشن کمشنر نسیم زیدی سے ملاقات کر کے اسمبلی انتخابات سے قبل بجٹ پیش کئے جانے کے حکومتی اقدام کی مخالفت کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ حکومت کو ایسا کرنے سے روکے- اپوزیشن جماعت کہنا ہے کہ حکمراں جماعت انتخابات سے پہلے بجٹ پیش کر کے پانچ ریاستوں کے اسمبلی انتخابات میں فائدہ حاصل کرنا چاہتی ہے- سب سے بڑی اپوزیشن جماعت کانگریس نے کہا ہے کہ جس عرصے میں انتخابی ضابطہ اخلاق نافذ ہے اس دوران حکومت بجٹ پیش نہ کرے- کانگریس کا کہنا ہے کہ دو ہزار بارہ کا بھی بجٹ اترپردیش میں اسمبلی انتخابات کے بعد ہی پیش کیا گیا تھا- دوسری جانب حکومت پہلے ہی یہ کہہ چکی ہے کہ وہ مقررہ وقت پر ہی بجٹ پیش کرے گی اور اس کے وقت میں کوئی تبدیلی نہیں کرے گی۔

 

Jan ۰۷, ۲۰۱۷ ۱۳:۱۶ UTC
کمنٹس