Nov ۱۹, ۲۰۱۵ ۱۶:۱۹ Asia/Tehran
  • ایران: سیاسی طریقے سے یمن کا بحران حل کیا جائے
    ایران: سیاسی طریقے سے یمن کا بحران حل کیا جائے

اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ نے یمن پر جاری سعودی اتحاد کے حملوں پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے بحران یمن کا راہ حل تلاش کرنے کےلئے اقوام متحدہ کی کوششوں کے جاری رہنے کا مطالبہ کیا ہے۔

اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے بدھ کے دن یمن کے امور میں اقوام متحدہ کے خصوصی نمائندے اسماعیل ولد شیخ سے ملاقات میں جنگ بندی اور سیاسی عمل کو کامیاب بنانے پرمبنی ایران کے اصولی مواقف پر زور دیا اور کہا کہ ایران ، اقوام متحدہ کی نگرانی میں یمن کے سیاسی عمل میں تمام یمنی گروہوں کی مشارکت کا خواہاں ہے۔

اسماعیل ولد شیخ نے تہران میں محمد جواد ظریف سے ملاقات کی۔

محمد جواد ظریف نے اس ملاقات میں کہا کہ یمن پر حملوں کے جاری رہنے سے یمنی عوام نہایت شدید المناک حالات کا شکار ہوگئے ہیں۔

یاد رہے یمن پر تقریبا آٹھ ماہ سے سعودی عرب اور اس کے اتحادی وحشیانہ حملے کررہے ہیں اور ان حملوں سے یمن کی بنیادی تنصیبات کی ویرانی اور ہزاروں افراد کے شہید اور زخمی ہونے کے علاوہ کوئی اور نتیجہ نہیں نکلا ہے۔

یمن کے امور میں اقوام متحدہ کے خصوصی نمائندے نے اس ملاقات میں یمن کے تازہ ترین حالات اور بحران کے راہ حل کے لئے کوششوں کی رپورٹ پیش کی۔انہوں نے ان مذاکرات میں یمن کے تمام گروہوں کی شرکت اور ان کی جانب سے لچک کا مظاہرکئے جانے پر تاکید کی۔ انہوں نے کہا کہ ایران یمن کے امن مذاکرات میں مفید اور فیصلہ کن کردار کا حامل ہے۔

اسماعیل ولد شیخ نے گذشتہ ہفتے اس امید کا اظہار کیا تھا کہ یمن میں نئے امن مذاکرات کا مقصد مستقبل قریب میں سعودی عرب اور اسکے اتحادیوں کے حملے بند کرانا ہے۔

انہوں نے کہا کہ امن مذاکرات کے آغاز سے قبل وہ علاقائی ملکوں کے حکام سے یمن کے بحران کو حل کرنے کے سلسلے میں صلاح و مشورہ کریں گے۔ یمن کے امور میں اقوام متحدہ کے خصوصی نمائندے، یمن کے بحران کے سیاسی حل کے لئے ایسے حالات میں بااثر ملکوں کے ساتھ گفتگو کررہے ہیں کہ آل سعود کی حکومت جو عرب اتحاد کی سربراہ بھی ہے یمن کے بحران کو حل کرنے کی عالمی کوششوں کو نظر انداز کرتے ہوئے یمن کے نہتے عوام پر بدستور حملے کررہی ہے اور ان حملوں سے اس کا مقصد سابق مفرور صدر عبد ربہ منصور ہادی کو اقتدار میں واپس لانا ہے۔

ان تمام مسائل کے باوجود یمنی گروہوں نے اپنے ملک کے بحران کے حل میں اقوام متحدہ کے کلیدی کردار پر تاکید کرتے ہوئے اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا ہے کہ حملے جاری رکھنے پر آل سعود اور اسکے اتحادیوں کے اصرار کے مقابل اپنی ذمہ داریوں پر عمل کرے۔

ان حالات میں اسلامی جمہوریہ ایران نے بھی تاکید کی ہے کہ یمن کے بحران میں فوجی طاقت سے کسی کی جیت نہیں ہوسکتی لھذا اس نے سعودی عرب کے بحران یمن سے نکلنے کے لئے ایک سیاسی راہ حل پیش کی ہے اور یمن کے قومی ڈائیلاگ کی حمایت کرتا ہے۔

اسی بنا پر ولد شیخ نے بحران یمن کے حل کے لئے ایران کی کوششوں بالخصوص چار نکاتی راہ حل کا خیر مقدم کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ اقوام متحدہ سیاسی راہوں سے یمن کا بحران حل کرنے کی کوشش کررہی ہے اور بحران یمن کو حل کرنے کے لئے موثر ملک کی حیثیت سے ایران کی مشارکت کا خیر مقدم کرتی ہے۔

ٹیگس