Jan ۱۸, ۲۰۱۸ ۱۶:۱۵ Asia/Tehran
  • آبنائے تایوان میں کشیدگی

چین کے طیارہ بردار بحری بیڑے لیاؤنینگ کے آبنائے تایوان میں داخل ہوتے ہی اس جزیرے میں کشیدگی ایک بار پھر بڑھ گئی ہے

تایوان کی وزارت دفاع نے اس چینی بحری بیڑے کے آبنائے تایوان میں داخل ہونے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بیجنگ تائپے پر دباؤ بڑھانا چاہتا ہے- تایوان علاقے کی وزارت دفاع کے دعوے کے مطابق چین کی فوج نے اگست دوہزار سولہ سے دوہزار سترہ تک تایوان کے اطراف میں تقریبا پچیس فوجی مشقیں انجام دی ہیں - آبنائے تایوان سمیت چینی بحری حدود میں چینی بحری بیڑے کی نقل و حرکت ، جزیرہ تایوان پر دباؤ بڑھانے سے زیادہ چین کے آبی حدود کے اطراف میں امریکی بحریہ کے طاقت کے مظاہرے کے خلاف ایک قسم کا ردعمل سمجھا جا رہا ہے-

امریکہ، چین کے اطراف کے تمام بحری علاقوں میں  یو ایس ایس کارل وینسن اور یوایس ایس رونالڈ ریگن بحری بیڑا سمیت دیگر جنگی بوٹس روانہ کرکے یہ کوشش کررہا ہے کہ چینی بحریہ کے مقابلے میں اپنی طاقت کا مظاہرہ کرے اور اس ملک کو اپنے محاصرے میں لے لے- اسی بنا پر ابھی حال ہی میں چین نے بھی پہلی بار جنوبی چین کے سمندراور آبنائے تایوان میں لیاؤلینگ طیارہ بردار بیڑا بھیج کر یہ ظاہر کرنے کی کوشش کی ہے کہ چین بھی مناسب بحری طاقت کا حامل ہے اور وہ امریکہ کی جانب سے بحری خطرات کا مقابلہ کرسکتا ہے-

چین کی ملیٹری سائنس انسٹی ٹیوٹ کے ایک سینیئرتجزیہ کار لو یوان کا کہنا ہے کہ چینی بحریہ کو امریکی خطرات کا مقابلہ کرنے کے لئے ساحلی گارڈ سے لیس ہونا چاہئے - علاقے میں امریکہ کی بڑھتی ہوئی فوجی موجودگی کے پیش نظر اس ملک کے لئے چینی سمندروں کے حالات مزید مشکل ہوگئے ہیں اور جنوبی بحر چین اور مشرقی بحرچین کے تنازعات بڑھتے ہی جا رہے ہیں-

ان حالات میں تایوان ، چین کو اپنی سیکورٹی کے لئے خطرہ ظاہر کر کے عالمی حلقوں خاص طور سے امریکہ کی توجہ آبنائے تایوان کی جانب مبذول کرانے کی کوشش کر رہا ہے- امریکی صدر ٹرمپ نے ابھی حال ہی میں تایوان کی فوجی حمایت کر کے تجارتی مراعات حاصل کرنے کے لئے اسے بیجنگ کے خلاف دباؤ کے ہتھکنڈہے کے طور پر استعمال کرنے کی کوشش کی ہے-

ان حالات میں تایوان نے بھی ان حالات سے فائدہ اٹھاتے ہوئے اپنے مسئلے میں پہلے سے زیادہ امریکی توجہ حاصل کرنے کی کوشش کی ہے-چین کی قومی دفاعی یونیورسٹی کے پروفیسر ہانشونگ ڈونگ کا کہنا ہے کہ سرد جنگ کے بعد چین کے سلسلے میں امریکی پالیسیاں تین بنیادوں پر استوار ہیں - اول یہ کہ چین کے اطراف کے علاقوں میں بحران کھڑا کیا جائے، دوسرے یہ کہ علاقے میں فوجی موجودگی مضبوط بنانے کے لئے چین کے اطراف کے علاقوں میں مختلف مشقیں کی جائیں اور تیسرے چین کو ڈریا دھمکایا جائے- اس سلسلے میں امریکہ، چین کے اطراف کے علاقوں میں واقع دیگر ممالک کے ساتھ فوجی اتحاد کی تشکیل خاص طور سے اسٹریلیا اور جاپان کے اوکیناوا میں فوجی اڈے قائم کر کے چین کے خلاف اپنے خطرات کو بڑھانے کی کوشش کررہا ہے-

بہرحال امریکہ مشرقی ایشیا کے علاقے میں ہتھیاروں کی دوڑ اور چین و شمالی کوریا سے خوف زدہ کرنے کی پالیسی اختیار کرکے علاقے اور چینی سمندروں کے اطراف میں اپنی فوجی موجودگی بڑھانا چاہتا ہے - یہ وہ صورت حال ہے جس نے تایوان کے لئے مناسب موقع فراہم کیا ہے تاکہ وہ چین کو اپنی سیکورٹی کے لئے خطرہ ظاہر کر کے مسئلہ تایوان کی جانب عالمی توجہ حاصل کرے-

 

ٹیگس