Jun ۰۳, ۲۰۱۸ ۱۸:۴۷ Asia/Tehran
  • ایران کی دفاعی اور میزائلی توانائیاں ایران کی ریڈ لائن ہیں: سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی

سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی نے کہا ہے کہ ایران کی دفاعی اور میزائلی توانائیاں ایران کی ریڈ لائن ہیں اور اس سلسلے میں یورپی ملکوں سے کوئی بھی بات چیت نہیں ہوسکتی-

سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے ترجمان بریگیڈر رمضان شریف نے لبنان کے المیادین ٹیلی ویژن چینل سے اپنے انٹرویو میں کہا کہ ایران اپنے گذشتہ تجربات کی بنیاد پر اور ملک کی سلامتی کو یقینی بنانے کے لئے اپنی دفاعی توانائیوں میں اضافہ کرتا رہےگا۔ ان کا کہنا تھا کہ ایران کی دفاعی توانائی اور ہتھیار اتحادیوں کے لئے بھی ہوں گے اور اسلامی جمہوریہ ایران اپنی دفاعی توانائیوں میں اضافے سے پیچھے نہیں ہٹے گا۔ امریکی وزیر خارجہ مائیک پامپیئو نے آٹھ مئی کو ایٹمی معاہدے سےامریکہ کے نکل جانے کے بعد ایک بیان میں ایران کے خلاف بے بنیاد الزامات کا اعادہ کرتے ہوئے سخت ترین پابندیاں عائد کرنے کی  دھمکی دی تھی اور بارہ شرطیں عائد کرنے کی بات کی تھی  جس میں بیلسٹیک میزائلوں کی تیاری اور اس کے تجربات پر روک لگانا اور علاقے میں ایران کے اثر و رسوخ کو روکنا شامل ہے-

امریکہ کی ان شرطوں کو بہت سے تجزیہ نگاروں حتی امریکی اور یورپی حکام نے وہم  اور غیرمعقول قرار دیا ہے- امریکہ کے قومی مفادات کے مرکز میں امریکی دفاعی اسٹڈیز کے ڈائریکٹر " ھری جی، کازیانیس"  کا کہنا ہے کہ حقیقت یہ ہے کہ ایٹمی معاہدے سے واشنگٹن کی خلاف ورزی کا تعلق ایٹمی سمجھوتے پر ایران کے کاربند رہنے اور اس پر عمل کرنے سے نہیں ہے اور ریپلکنز کو یہ بات تسلیم کرنی چاہئے اور کھل کر اس کا اعتراف بھی کرنا چاہئے- اسلامی جمہوریہ ایران نے بارہا تاکید کی ہے ایران کی دفاعی و میزائلی صلاحیت اور اس کے دفاعی سازوسامان مقامی ہیں اور دشمنوں کے ممکنہ حملوں کے مقابلے میں دفاع کے لئے ہیں اور ایران دفاعی اور میزائلی صلاحیت سے پسپائی اختیار کرنے کے لئے دشمن کے دباؤ کو ہرگز تسلیم نہیں کرے گا بلکہ اپنی صلاحیتوں میں مزید اضافہ کرے گا اور اسے مزید تقویت پہنچائے گا- 

فرانس کے اسٹریٹیجک اسٹڈیز سنیٹر نے ایک رپورٹ میں لکھا ہے کہ سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی ایران نے اٹھارہ جون 2017 کو مشرقی شام کے صوبے دیروالزور میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر جو بھاری میزائلی حملے کئے تھے ان سے پتہ چلتا ہے کہ ایران نے دشمن کے ٹھکانوں کو بہت دقت کے ساتھ نشانہ بنانے کی صلاحیت حاصل کرلی ہے- یہ رپورٹ درحقیقت ایران کی میزائل دفاعی صلاحیت کو ظاہر کرتی ہے۔ لیکن امریکہ اور مغرب ایرانو فوبیا کی چاشنی کے ذریعے ایران کی دفاعی صلاحیتوں کو کم کرنے میں کوشاں ہیں اور ایران کی میزائلی صلاحیت کے مسئلے پر مذاکرات کر رہے ہیں۔  رہبر انقلاب اسلامی نے تیئیس مئی کو اپنے ایک خطاب میں ایٹمی معاہدے سے امریکہ کے نکل جانے کے تعلق سے چند بنیادی شرطیں بیان کیں آپ نے فرمایا کہ یورپی ملکوں کے ساتھ ایٹمی معاہدہ جاری رہنے کی ایران کی شرطوں میں، میزائل پروگرام اور علاقے میں ایران کی موجودگی شامل ہے-

اس میں شک نہیں کہ اسلامی جمہوریہ ایران اپنی دفاعی پالیسیاں خود تیار کرتا ہے اور وہ بڑی اور استکباری طاقتوں کے عزم و ارادے کا پابند نہیں ہے اور کسی کو بھی اس سلسلے میں مداخلت کی اجازت نہیں دے گا۔  میزائل پروگرام کا مسئلہ بھی بلا شبہ اسلامی جمہوریہ ایران کی قومی سلامتی سے متلعق ہے اور اس اصول کی بنیاد پر ایران اپنی دفاعی صلاحیتوں کے تحفظ کے لئے کسی سے اجازت نہیں لے گا اور اپنی سلامتی کے بارے میں اغیار کے ساتھ مذاکرات نہیں کرے گا- اس سلسلے میں ایران پر کسی بھی طرح کی الزام تراشی ایران سے امریکہ کی گہری دشمنی کو ظاہر کرتی ہے اور مختلف شعبوں میں ایران کی صلاحیتوں میں اضافے اور اسی طرح اسلامی جمہوریہ ایران کو علاقے کے ملکوں میں اپنا آئیڈل قرار دینے سے اس کی بوکھلاہٹ کی غمازی ہوتی ہے۔ ایران کے اسلامی انقلاب کے چالیس سالہ تجربے نے یہ ثابت کردیا ہے کہ ایرانی قوم نہ کبھی دھمکیوں سے مرعوب ہوئی ہے اور نہ ہوگی-

 

ٹیگس