Jun ۲۱, ۲۰۱۸ ۱۶:۵۸ Asia/Tehran
  • البوکمال پر امریکی حملے کے اہداف

گزشتہ دنوں جارح امریکی اتحاد کے جنگی طیاروں نے شام کے شہر البوکمال کو کئی بار اپنے حملوں کا نشانہ بنایا-

شہر البوکمال شام کے صوبہ دیرالزور میں واقع ہے اور اس صوبے کا ایک بڑا شہر شمار ہوتا ہے- شہر البوکمال بغداد اور دمشق کے درمیان رابطے کی ایک کڑی اور ان اولین علاقوں میں ہے کہ جو سن دوہزار بارہ میں حکومت شام کے کنٹرول سے نکل کر داعش کے قبضے میں چلا گئے تھے اور وہاں داعشی دہشتگرد تعینات ہوگئے تھے- البوکمال شام میں داعش کا ایک نہایت اہم اور آخری اڈہ تھا جو نومبر دوہزار سترہ میں اس دہشت گرد گروہ کے قبضے سے آزاد کرایا گیا-

البوکمال ایسے عالم میں داعش کے قبضے سے آزاد ہوا ہے کہ جغرافیائی اہمیت کی وجہ سے امریکہ نے بھی اس دہشتگرد گروہ کی حمایت و مدد کی تاکہ اسے دہشتگردوں کے قبضے سے آزاد نہ کرایا جا سکے تاہم وہ اپنے مقصد میں کامیاب نہیں ہوا اس کے باوجود امریکہ، البوکمال کی آزادی کے بعد سے ہی اس اسٹریٹیجک شہر پرنگاہیں گاڑے ہوئے ہے اور اس شہر پر شامی فوج کے کنٹرول کی راہ میں رکاوٹیں ڈالنے کی کوشش کرتا رہا ہے جس کا سب سے بڑا ثبوت البوکمال پر امریکہ کا حالیہ حملہ ہے-

سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ البوکمال پر امریکہ کے حالیہ حملوں اور تمام توجہ اسی پر مرکوز کرنے کی وجہ کیا ہے؟

سب سے بڑی وجہ البوکمال کی جغرافیائی پوزیشن اور اہمیت ہے- البوکمال عراق سے ملحق شام کے سرحدی علاقے میں واقع ہے اور تیل اور پانی کے ذخائر سے مالا مال ہے - عراقی سرحد سے ملحق ہونے کی بنا پر البوکمال شام اورعراق میں استقامت کے محور کو متصل کرتا ہے- امریکہ البوکمال پر باربار حملے کر کے عراق و شام میں استقامت کے محور کے اتصال کی راہ میں حائل ہونا چاہتا ہے- درحقیقت التنف اور البوکمال اسٹریٹیجک علاقوں میں سے ہیں اور امریکہ ان علاقوں پر شامی فوج اور استقامتی محاذ کے کنٹرول کو روکنے کے لئے پوری منصوبہ بندی کئے ہوئے ہے-

البوکمال پر امریکہ کے حالیہ حملوں اور اس پرتوجہ مرکوز کرنے کی دوسری وجہ البوکمال کے انرژی اور پانی کے ذخائر ہیں- اس سلسلے میں اسٹریٹیجک امور کے ماہر حسن شکری پور کا کہنا ہے کہ امریکہ کردنشین علاقوں میں اقلیم سازی اور ان کی تقسیم کی کوشش کررہا ہے اور کامیاب اقلیم سازی کے لئے تیل اور پانی کے ذخائرتک دسترس کافی زیادہ اہمیت کی حامل ہے اور یہ ذخائر البوکمال میں موجود ہیں اور حالیہ حملوں کی ایک اہم وجہ بھی یہی ہے-

 دوسرا موضوع یہ ہے کہ داعش دہشتگرد گروہ کے قبضے سے شہرالبوکمال کی آزادی کے بعد استقامتی مجاہدین اس شہر میں تعینات ہوگئے ہیں - درحقیقت استقامتی محاذ اپنی پوری توجہ شہر البوکمال پر مرکوز کر کے اس شہر سے البوکمال کے الشدادی جیسے شمالی علاقوں میں داخل ہونے کے لئے استفادہ کرنا چاہتا ہے-

اسٹریٹیجک امور کے ماہر شکری پور کی نگاہ میں امریکہ البوکمال پر حملہ کر کے استقامتی محاذ کے خلاف ایک طرح کا پیشگی حملہ کررہا ہے کیونکہ وہ استقامتی محاذ کو البوکمال کے شمالی علاقوں کی جانب پیشقدمی نہیں کرنے دینا چاہتا-

مجموعی طور پر یہ کہا جا سکتا ہے کہ شام میں امریکہ کی سب سے اہم اسٹریٹیجی اقلیم سازی خاص طور سے کردعلاقہ قائم کرنا ہے جس کا مقصد دمشق کی مرکزی حکومت کو کمزور کرنا ہے- البوکمال پر امریکہ کے حالیہ حملوں کا اسی تناظر میں جائزہ لیا جا رہا ہے-

ٹیگس