Oct ۱۸, ۲۰۱۸ ۱۵:۳۱ Asia/Tehran
  • ایران کی غلط تصویر پیش کرنا ، دشمن کا سب سے اہم ایجنڈہ ہے

رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی خامنہ ای نے بدھ کی صبح دو ہزار سے زیادہ بااستعداد اور غیر معمولی ذہانت کے حامل دانشوروں اور طلبا سے ملاقات میں پورے ایران میں ایران کی دسیوں ہزار باصلاحیت اور برگزیدہ شخصیتوں کی کاوشوں اور سرگرمیوں کو ایران کی حقیقی اور امید بخش تصویر کا آیینہ دار قرار دیا-

رہبر انقلاب اسلامی نے مستقبل کی منصوبہ بندی میں برگزیدہ نوجوانوں کے کردار اور اثرات کی جانب اشارہ کرتے ہوئے ، ایران کے حالات کی غلط ، منفی اور مایوس کن تصویر پیش کرنا، آج دشمن کا سب سے اہم ایجنڈہ قرار دیا اور تاکید فرمائی کہ لیکن اللہ کے کرم سے مجموعی طور پر ملک کی حقیقی تصویر تسلط پسندانہ نظام کے ذریعے پیش کی جانے والی تصویر کے بالکل برعکس ہے- رہبر انقلاب اسلامی نے اچھی ، برگزیدہ ، متحرک اور آگے کی جانب گامزن افرادی قوت کو ایک عظیم سرمایہ اور خزانہ قرار دیا اور تاکید فرمائی کہ تسلط پسند نظام ، ہر دولت و ثروت کی مانند اس سرمائے کو بھی للچائی نظروں سے دیکھ رہا ہے اور لوٹنے کی فکر میں ہے تاکہ اس سے خود فائدہ اٹھانے کے ساتھ ہی سائنس و ٹیکنالوجی یعنی ثروت و طاقت پیدا کرنے والی دولت پر بھی اپنی اجارہ داری قائم کرے-

موجودہ صدی میں جدیدترین سائنس و ٹیکنالوجی پر اپنی اجارہ داری قوموں پر تسلط کے لئے دشمن کا ایک اہم ہتھکنڈہ بن چکی ہے - امریکہ نے گذشتہ تمام برسوں میں ایران کے خلاف سائنس و ٹیکنالوجی سمیت دباؤ کے ہتھکنڈے سے استفادہ کیا تاکہ ایران کو تنہا اور وابستہ کرے- اس وقت بھی امریکہ کا مقصد ایران میں سائنسی ترقی و پیشرفت کو روکنا ہے - جیسا کہ رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی خامنہ ای نے یاد دہانی کرائی کہ ملک کی برگزیدہ شخصیتوں کے لئے ایک اہم کام ، علم کی عالمی سرحدوں کو توڑنا ہے-

رہبر انقلاب اسلامی نے چند روز پہلے بھی آئندہ پچاس برسوں کے لئے ایران کی ترقی کے ماڈل کو مکمل کرنے کی دعوت دی تھی اور علمی و سائنسی پیشرفت کی ضرورت کی جانب اشارہ کرتے ہوئے فرمایا تھا کہ یہ تحریک ایسی ہونا چاہئے کہ ایران سن چودہ سو چوالیس تک نظریے اور سائنس و ٹیکنالوجی کی پیداوار میں دنیا کے پانچ ترقی یافتہ ملکوں میں شامل ہوجائے-

بلاشبہ اس راہ پر سفر مشکل و دشوار ہے تاہم باصلاحیت نوجوانوں کی موجودگی اور نوجوانوں میں غیرمعمولی طور پر برگزیدہ و ممتاز شخصیتوں کی موجودگی سے ایجادات اور عالمی علم و دانش کا دائرہ بڑھایا جا سکتا ہے- آج  پابندیوں اور علم و سائنس پر عالمی طاقتوں کی اجارہ داری کے باوجود بہت سے اسٹریٹیجک علوم میں ایران کا نام دنیا کے ممتاز ممالک میں شامل ہے- 

 نیچر انڈکس انسٹی ٹیوٹ کی رپورٹ کے مطابق کہ جو چوبیس جنوری دوہزاراٹھارہ میں شائع ہوئی ہے ، اسلامی جمہوریہ ایران نے گذشتہ عشروں میں دنیا کے دوسرے ملکوں کی نسبت سالانہ بائیس فیصد کی شرح سے ترقی کی ہے- ایران نے سب سے زیادہ ترقی ، سائنس و ٹیکنالوجی کے میدانوں میں کی ہے اور عالمی سطح پر سائنس و ٹیکنالوجی اور انجینئرنگ کے شعبوں میں پہلا مقام حاصل کیا ہے-

دنیا کی سائنسی ترقی کا اندازہ لگانے والی ایک ویب سائٹ  اسکوپس کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق دنیا میں علمی و سائنسی پیداوار میں اسلامی جمہوریہ ایران سولہویں نمبر پر ہے- 

سائنس جریدے کے بین الاقوامی سیکریٹری ریچرڈ اسٹوڈن کا کہنا ہے کہ : میں ایران کے علمی حلقے سے آشنا ہوں اور مجھے یہ کہنا چاہئے کہ ایران پابندیوں کا سامنا کررہا ہے اس کے باوجود اس نے پابندیوں پر قابو پا لیا ہے اور غیرمعمولی لچک دکھائی ہے اور بہت سی ایجادات کی ہیں اور عالمی برادری میں چیلنج کو قبول کیا ہے- 

 رہبرانقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی خامنہ ای نے ایک سال پہلے بھی سیکڑوں برگزیدہ اور با استعداد نوجوانوں سے خطاب میں ملک کی غیرمعمولی صلاحیتوں کا حوالہ دیتے ہوئے سائنس وٹیکنالوجی کے میدان میں پیشرفت کی زمین ہموار بتائی تھی اور یاد دہانی کرائی تھی کہ پیشرفت و ترقی کی اس حد پر قانع نہیں ہونا چاہئے کیونکہ مطلوبہ مقام تک پہنچنے میں کافی فاصلہ ہے-

آج بھی دنیا میں علمی پیداوار میں ایران کا حصہ دو فیصد ہے لیکن رہبر انقلاب اسلامی کی تاکید یہ ہے کہ اس حد پر بھی قانع نہیں ہونا چاہئے-

ٹیگس