Nov ۱۵, ۲۰۱۸ ۱۳:۴۳ Asia/Tehran
  • طاقت و اقتدار ، ثقافتی خودمختاری اور عزم محکم ، ایرانی کھلاڑیوں کے افتخار کے تین عناصر : رہبر انقلاب اسلامی

رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے بدھ کی صبح انڈونیشیا میں دو ہزار اٹھارہ کے پیرا ایشیائی مقابلوں میں تمغے جیتنے اور کامیابیاں حاصل کرنے والے ایرانی کھلاڑیوں سے ملاقات میں جانباز و معذور کھلاڑیوں کی قابل فخر کار کردگی کو سراہتے ہوئے ان کے کارناموں کو پوشیدہ توانائیوں کو بروئے کار لانے اور عزم محکم کا آئینہ دار قرار دیا -

ایرانی کھلاڑیوں کی ٹیموں نےانڈونیشیا میں ہونے والے تیسرے دور کے پیرا ایشیائی مقابلوں میں سونے کے اکیاون، چاندی کے بیالیس اور کانسی کے تینتالیس تمغے جیتے اور مجموعی طور پر ایک سو چھتّیس تمغے حاصل کر کے ان مقابلوں میں تیسرا مقام حاصل کیا- 

قابل افتخار تمغے جیتنا صرف کھیل کے میدان میں ایک کامیابی نہیں ہے کیونکہ یہ کامیابیاں ہمیشہ ثقافتی و دینی اقدار کی حامل ہوتی ہیں- یہ کامیابیاں ایک طرح سے عزم محکم کی عکاس ، امید کے جذبات سے لبریز اوراندرونی صلاحیتوں اور توانائیوں پر یقین کی حامل ہوتی ہیں کہ جو کھیل کے میدان اور عالمی مقابلوں سمیت تمام میدانوں میں ظاہر ہوتی ہیں-

ایرانی نوجوانوں کو کھیل کے میدان میں حاصل ہونے والی مسلسل کامیابیاں دوسرے لفظوں میں عالمی سطح پر ایک جنگ ہے کہ جسے رہبر انقلاب اسلامی نے عزائم کی جنگ سے تعبیر فرمایا اور تاکید فرمائی کہ جانباز اور معذور کھلاڑیوں نے اپنے گرانقدر اقدام سے ثابت کر دیا کہ وہ ثقافتی اقتدار و آزادی اور مستحکم عزم و ارادے کے حامل ہیں۔

 اسلامی انقلاب، اپنے اقدار و اہدف کے سہارے اپنی حیات کے چالیسویں سال میں بھی بدستور توانا اور موثر ہے - اور اس کا مطلب یہ ہے کہ ملت ایران حقیقی اقتدار کی مالک ہے کہ جو سامراجی طاقتوں کو چیلنج کئے ہوئے ہے- امریکہ نے اس انقلاب کا مقابلہ کرنے کے لئے بھاری سرمایہ خرچ کیا ہے اور کر رہا ہے اور اس وقت بھی وہ مبہم و مشکوک ماحول پیدا کرکے اسلامی جمہوری نظام کو کمزور اور ملت ایران کو مایوس اور انقلاب کے اہداف و راستے سے الگ ظاہر کرنے کی کوشش کررہا ہے- البتہ ان تمام دشمنیوں کے باوجود ملت ایران مضبوط عزم و ارادے کے ساتھ اپنی راہ پر گامزن ہے-

ملت ایران کے دشمن ہمیشہ ہی اسلامی جمہوری نظام کے اقتدار سے بغض و کینہ رکھتے رہے ہیں یہاں تک کہ انھیں عالمی مقابلوں میں ایرانی کھلاڑیوں کی جیت اور تمغے بھی برداشت نہیں ہوتے اور وہ ہرکامیابی کو خاص طور سے ایسی کامیابی کہ جو دینی اور ثقافتی اقدار کے تحفظ میں مددگار ہوتی ہے ، خاص طور سے امریکہ کے غیض و غضب کا باعث بنتی ہے- لیکن اس کینے و بغض نے ملت ایران کے اندر تمام میدانوں میں بڑی کامیابیاں اور پیشرفت حاصل کرنے کے محرکات بڑھا دیئے ہیں- اسلامی جمہوریہ ایران اپنی اندرونی صلاحیتوں اور عزم و ارادے سے اپنے ثقافتی و دینی اقدار کا تحفظ کرتے ہوئے اپنی روز افزوں کامیابیوں کے عروج پر ہے- 

جیسا کہ رہبر انقلاب اسلامی نے فرمایا : ان حالات میں کہ جب بعض ، عالمی میدانوں میں کفر و استکبار کے محاذ کی نہ ختم ہونے والی توقعات و مطالبات کی یلغار کا مقابلہ کرنے کی طاقت و توانائی سے عاری ہیں اور پسپائی اختیار کرلیتے ہیں ، آپ نے استقامت اور ثقافتی قوت کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنے قومی و دینی لباس اور عفت و حجاب کا دفاع و حمایت کی اور میں اسی بنا پر خلوص اور دل کی گہرائیوں سے اسلامی جمہوریہ ایران کے کھلاڑیوں کی ٹیم کے اراکین کا شکریہ ادا کرتا ہوں -

اس نگاہ  سے دو ہزار اٹھارہ کے پیرا ایشیائی مقابلوں میں کامیابیاں حاصل کرنے والے اور تمغے جیتنے والے ایرانی کھلاڑیوں سے ملاقات میں رہبر انقلاب اسلامی کے بیانات ، ملت ایران کے دشمنوں خاص طور سے امریکہ کے لئے واضح پیغامات کے حامل ہیں -

ٹیگس