Dec ۲۹, ۲۰۱۸ ۱۵:۴۶ Asia/Tehran
  • ایران ، فوجی و سیکورٹی خطرات کو پیچھے چھوڑ چکا ہے : جنرل جعفری

سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے کمانڈر جنرل محمد علی جعفری نے اس بات پر تاکید کرتے ہوئے کہ امریکہ زوال کا شکار ہے کہا کہ ایران نے فوجی اور سیکورٹی خطرات کو پیچھے چھوڑ دیا ہے

اسلامی جمہوریہ ایران کی سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے کمانڈر نے اس بات پر تاکید کرتے ہوئے کہ بہت سے امریکی سیاستداں اور تجزیہ نگار ایران کی علاقائی طاقت کا اعتراف کرتے ہیں کہا کہ امریکیوں میں اب یہ کہنے کی بھی  ہمت نہیں ہے کہ فوجی آپشن کھلا ہوا ہے-

 جنرل جعفری نے اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ اگر ایران کے فوجی مشیروں کی مدد اورعراقی و شامی عوام کی جد وجہد نہ ہوتی تو علاقے میں بہت سے مسائل پیدا ہوجاتے کہا کہ استقامت ، مزاحمت اور جدوجہد کے نتیجے میں شام میں امریکہ کو ذلت آمیز شکست کا منھ دیھکنا پڑا اور اس ملک سے بھاگنا پڑا-

عراق و شام سے دہشتگردوں کا فرار اور داعش کی شکست سے اس حقیقت کا پتہ چلتا ہے کہ امریکہ کی ہیکڑی اور پراکسی وار کا دور ختم ہورہا ہے-

رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی خامنہ ای نے تیرہ آبان (چار نومبر ) کی مناسبت سے اپنے ایک خطاب میں ہزاروں طلبہ کے درمیان خطاب کرتے ہوئے دنیا میں امریکہ کے حالات کی جانب اشارہ کیا اور فرمایا کہ دنیا میں امریکہ کی طاقت و قوت اور دبدبہ ختم ہو رہا ہے اور زوال کا شکار ہے اور امریکہ آج چالیس سال پہلے کی نسبت زیادہ کمزور ہوچکا ہے-

علاقے اور دنیا کے سیکورٹی امور میں امریکہ کا تخریبی اور بحرانی کردار اب ثابت ہوچکا ہے اور اس حقیقت میں کوئی شک نہیں ہے کہ امریکہ نے القاعدہ کو جنم دے کر اور اس کی حمایت جاری رکھ کر مغربی ایشیا کو بحران و جنگ کے مرکز میں تبدیل کردیا اور تقریبا ایک عشرے سے شام و عراق کو جنگ و دہشتگردی میں مبتلاء کردیا ہے لیکن اب جبکہ وہ زوال کا شکار ہو رہا ہے، ایران پر دہشتگردی اور علاقے میں بدامنی پھیلانے کا الزام لگا رہا ہے-

امریکی اخبار دی بوسٹن گلوب نے کچھ دنوں پہلے دہشتگردی کے سلسلے میں امریکہ کی دہری پالیسیوں اور امریکہ و اس کے بعض عرب و مغربی اتحادیوں کی جانب سے ایران پر دہشتگردی کی حمایت کے الزام کا جائزہ لیتے ہوئے لکھا کہ : ایران پر دہشتگردی کی حمایت کا الزام لگانے کی وجہ یہ ہے کہ ایران علاقے میں امریکہ کی تسلط پسندی اور مداخلت کا مخالف ہے ؛ اور ایران کا صرف یہی گنا ہے-

امریکہ اور علاقے کے بعض عرب ممالک جو صیہونی اہداف کے تحت ایران کو علاقے میں خطرہ اور دہشتگردی کا حامی قرار دیتے ہیں یہ بھول چکے ہیں کہ وہ عراق ، شام ، یمن اور لیبیا کی جنگ اور دہشتگردی کی حمایت میں اربوں ڈالرخرچ کر چکے ہیں-

 ایران پر یہ الزامات ایسے عالم میں لگائے جارہے ہیں کہ اگر ایران آگے نہ بڑھتا تو آج داعش ، علاقے کے ایک بڑے حصے پر مسلط  ہوچکا ہوتا- درحقیقت یہ کہنا چاہئے کہ امریکہ کو ایران کی دفاعی پالسی سے تشویش ہے -

مشہورامریکی نظریہ پرداز نوام چامسکی ، ایران کے خلاف امریکی حکام کے الزامات کے بارے میں کہتے ہیں کہ : امریکہ کی جانب سے دہشتگرد گروہوں اور داعش کی حمایت اقدار اور اصولوں کی پامالی ہے تاہم وہ ایران پر علاقے میں عدم استحکام پیدا کرنے کا الزام لگاتا ہے- علاقے میں خطرات اور دہشتگردی کے حوالے سے اسلامی جمہوریہ ایران کی پالیسی پوری طرح شفاف و واضح ہے- ایران ، علاقے کے ممالک کی تقسیم کا مخالف ہے اور علاقے میں اغیار کی دھمکیوں کا مقابلہ کرنے کی ضرورت پر تاکید کرتا ہے- علاقے کے حالات سے بھی پتہ چلتا ہے کہ علاقے کے معاملات میں ایک مثبت ایکٹیویزم کی حیثیت سے ایران کا کردار ایک ناقابل انکار حقیقت ہے-

ایران کی بری فوج کے کمانڈر جنرل کیومرث حیدری نے ایران کی فوجی صلاحیت پر تاکید کرتے ہوئے کہا کہ : سپریم کمانڈر کی کمان میں اسلامی جمہوریہ ایران کی فوج ، دشمنوں کا مقابلہ کرنے کے لئے پوری طرح تیار ہے-

ٹیگس