Feb ۱۱, ۲۰۱۹ ۱۵:۵۵ Asia/Tehran
  • انقلاب اسلامی کی چالیسویں سالگرہ اور بائیس بہمن کی ریلیاں

ہر سال کی مانند اس سال بھی بائیس بہمن کی ریلیوں میں بڑے پیمانے پر عوام کی موجودگی استقامت، اتحاد اور تسلط پسند نظام پر ملت ایران کی کامیابی کے جشن میں تبدیل ہوگئی ہے-

اس سال بھی بائیس بہمن کی ریلیوں میں بڑے پیمانے پر بھرپور جوش و خروش سے عوام کی موجودگی ایک ایسی قوم کے اتحاد و یکجہتی کا  جلوہ ہے جو تابناک مستقبل کی امید کے ساتھ اسلامی انقلاب کے اہداف پر گامزن رہنے کے لئے تجدیدعہد کررہی ہے - ملت ایران کے دشمن اس حقیقت کو بخوبی جانتے ہیں اور اسی بنا پر وہ اپنی پوری توجہ ملت ایران کو مایوس کرنے اور یہ ظاہر کرنے کی ناکام کوشش کررہے ہیں کہ ایرانی قوم  انقلاب سے تھک چکی ہے-

امریکہ ، اسلامی نظام کا مقابلہ کرنے اور سافٹ وار کے میدان میں تین اسٹریٹجی پرعمل پیرا ہے-

امریکہ کا پہلا ہدف نظام پر مختلف بدعنوانیوں میں ملوث ہونے کا بے بنیاد الزام لگا کر اسلامی نظام کی ساکھ کو نقصان پہنچانا ہے اور دوسرا مقصد اس کے ناکارہ ہونے کا پروپیگنڈہ کر کے اسلامی نظام سے اعتماد ختم کرنا ہے جبکہ تیسرا ہدف سماجی نارازضگی پیدا کرنے کے لئے مفلوج کن پابندیوں کے ذریعے اسلامی نظام اور عوام کے درمیان فاصلہ ڈالنا ہے-

گذشتہ چالیس برسوں سے ملت ایران نے جنگ اور اقتصادی پابندیوں جیسی  بڑی بڑی آزمائشوں کا کامیابی سے مقابلہ کیا ہے- ان چالیس برسوں میں کوئی بھی چیز انقلاب کے راستے پر گامزن رہنے کے ملت ایران کے عزم و ارادے کو کمزور نہیں کرسکی ہے- 

 رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی خامنہ ای کے بقول ، کچھ لوگوں نے انقلاب کا ساتھ چھوڑا ہے تاہم اس کے ساتھ ہی ہم کئی گنا آگے بڑھے ہیں ، انقلاب کی پیشرفت ، انقلاب کا ایک معجزہ ہے-

اس انقلاب اور آزمائی ہوئی ملت ایران کو دوبارہ آزمانا ایک غلطی ہے - ملت ایران نے اپنی خودمختاری اور سربلندی کے لئے انقلاب برپا کیا - کسی قوم کی خودمختاری و سربلندی کا صرف اقتصاد و معیشت سے خلاصہ نہیں کیا جا سکتا- ایک انقلاب عظیم تحریکوں کی زمین ہموار کرتا ہے کہ جو مشکلات کا مقابلہ کرنے اور دباؤ کے سامنے گھٹنے نہ ٹیکنے سے وجود میں آتی ہیں- ملت ایران نے اسی بنیاد پر صبر و تحمل اور فہم و فراست نیز اپنی داخلی صلاحیتوں کے سہارے ایک پائدار اور موثر انقلاب کی حیثیت سے اپنی ساکھ مضبوط بنائی ہے اور اپنی راہ پر گامزن ہے- ملت ایران ، آج بھی اسی جوش و خروش اور مضبوط محرکات سے ماضی سے ہی اپنے اہداف پر ڈٹی ہوئی ہے اور ایک ایسی حقیقت ہے جو امریکی حکام کی سمجھ سے باہر ہے -

رہبرانقلاب اسلامی نے اپنے ایک خطاب میں ملک میں معاشی مسائل کی جانب اشارہ کرتے ہوئے فرمایا کہ امریکہ ، ان مسائل کے بھروسے اپنے عقل سے خالی دماغوں اور بےتدبیریوں کے بھروسے کچھ خام خیالی میں مبتلا ہے - اسی بنیاد پر ابھی حال میں امریکی صدر نے یورپ کے بعض حکام سے کہا ہے کہ اگر دوتین مہینے رکو تو اسلامی جمہوریہ ایران کا کام تمام ہوجائے گا- یہ خیال خام انسان کو امریکیوں اور اندرون ملک اس کے ایجنٹوں کے چالیس سال پہلے کی باتوں کی یاد دلاتا ہے جب وہ ایک دوسرے کو چھے مہینوں میں اسلامی جمہوریہ کا قصہ ختم ہونے کی خوشخبری دیتے تھے تاہم اسلامی انقلاب اپنی چالیس بہاریں دیکھ چکا ہے-

 آج بائیس بہمن کی ریلیوں میں ملت ایران کی پرجوش موجودگی کا پیغام تسلط پسند طاقتوں کے مقابلے میں استقامت پر ایک بار پھر تاکید اور وائٹ ہاؤس کے حکام کی میز پر موجود آپشن ، لفاظیوں اور دھمکیوں کا جواب ہے -

 ایران کے اسلامی انقلاب کے پانچویں عشرے کے آغاز پر عظیم الشان ریلیوں کو ملت ایران کی کامیابی و سربلندی میں نیا سنگ میل سمجھنا چاہئے-

ٹیگس