Feb ۱۲, ۲۰۱۹ ۱۴:۰۱ Asia/Tehran
  • دنیا کے لئے عظیم الشان ریلیوں کا پیغام

ایران کے اسلامی انقلاب کی چالیسویں سالگرہ کے موقع پر ہونے والے قومی جشن اور ریلیوں میں ملت ایران کے ہر طبقے اور ہر طرح کے سیاسی رجحان کے حامل افراد نے بھرپور شرکت کر کے تاریخ انقلاب میں ایک اور سنہرا باب رقم کیا-

ہر حساس موقع پر ایران کی غیور قوم کی بھرپور موجودگی ہمیشہ موثر رہی ہے - اس سال بھی ایران کے عوام نے بائیس بہمن کی ریلیوں میں غیرمعمولی پیمانے پر شرکت کی اور اہداف انقلاب پر گامزن رہنے پر تاکید کی- بائیس بہمن کی ریلیوں میں امریکی حکام کے خلاف عوام کے نعرے ایک ایسی قوم کی آگاہی و شعور کے عکاس ہیں جس نے ہمیشہ ہی دھمکانے والوں کو منھ توڑ جواب دیا ہے-

اس میں کوئی شک نہیں کہ ملت ایران نے اب تک  پوری طاقت و یکجہتی سے  امریکہ اور اس کے اتحادیوں کی سازشوں کو ناکام بنایا ہے اور اس کے بعد بھی اپنے راستے پر گامزن رہے گی-  اس لحاظ سے انقلاب اسلامی کی چالیسویں سالگرہ کے جشن میں ملت ایران کی درخشاں موجودگی نے ثابت کردیا کہ ملت ایران ، مسائل و مشکلات کے باوجود ہرگز پیچھے ہٹنے والی نہیں ہے اور دشمن کی ایران کی شکست و ناتوانی دیکھنے کی حسرت اس کے دل میں ہی رہ جائے گی-

مشرق وسطی کے اسٹڈیز سینٹر کے سربراہ اور لبنانی ماہر ہشام جابر اسلامی جمہوری نظام کی قدرت و طاقت کا جائزہ لیتے ہوئے کہتے ہیں : چالیس سال گذرنے کے بعد بھی آج اسلامی انقلاب پوری طرح شاداب و جوان ہے - انقلاب اسلامی شروع سے ہی مختلف قسم کی سازشوں ، دباؤ اور محاصرے سے روبرو رہا  ہے لیکن اس کے باوجود پوری طرح پائدار ہے - انقلاب اسلامی آج ایک علاقائی طاقت میں تبدیل ہوچکا ہے-

ملت ایران کی خودمختاری اور عزت و سربلندی درحقیقت اس حساس اور تاریخی دور میں ایک افتخار ہے - طاقت کے اسی حقیقی سرچشمہ کے سہارے ہی ملت ایران نے بڑی بڑی سازشوں کو ناکام بنایا ہے اور پوری طاقت سے تمام خطرات کا مقابلہ کیا ہے- یہ ایک ایسی حقیقت ہے جس کا اعتراف ملت ایران کے دشمنوں کو بھی ہے-

 نیویارک میں قائم سوفان انٹیلیجنس گروپ نے اپنی ایک رپورٹ میں جو گیارہ فروری دوہزار انیس کو منظر عام پر آئی تاکید کے ساتھ لکھا کہ ایران کے اسلامی انقلاب کی چالیسویں سالگرہ ایسے حالات میں منعقد ہو رہی ہے کہ اس ملک کی علاقائی پوزیشن گذشتہ ستاون برسوں میں اعلی ترین سطح پر پہنچ چکی ہے-

اس رپورٹ  میں تاکید کی گئی ہے کہ  ایران کے خلاف ٹرمپ حکومت کی جانب سے دوبارہ پابندیاں بھی ایران کو بین الاقوامی برادری میں تنہا نہیں کرسکی ہیں-

چالیس سال گذرنے کے باوجود اسلامی انقلاب ، دشمن کے تمام  پروپیگنڈوں کے باوجود طاقت کے عروج پر اورمضبوط و شاداب ہے  اور اس نے  بڑی بڑی سازشوں کے باوجود یہ ثابت کر دکھایا ہے کہ کسی عظیم قوم کو شکست نہیں دی جا سکتی- ایران کے عوام نے ثابت کردیا ہے کہ وہ کسی بھی صورت میں زور زبردستی کے سامنے نہیں جھکے گی اور ایک مضبوط جذبے سے اپنی راہ پر گامزن رہے گی-  یہ استقامت و پائداری  اور سامراج مخالف جذبہ ہی وہ اہم اجزاء ہیں جو دشمنوں کے تخمینوں کو درہم برہم اور انقلاب کی بنیادوں کے استحکام کا باعث ہیں- یہ متحدہ موجودگی ملت ایران کی وحدت و یکجہتی کا مظہر ہے اسی بنا پر بائیس بہمن کی ریلیوں میں عوام کی پرجوش موجودگی ایک واضح و صریح پیغام کی حامل ہے جسے نظر انداز نہیں کیا جا سکتا- ایک ایسا پیغام کہ جو انقلاب اسلامی کے دوستوں میں امید پیدا کرتی ہے اور دشمنوں کو مایوس کرتی ہے-

ٹیگس