Mar ۳۱, ۲۰۱۹ ۱۶:۵۳ Asia/Tehran
  • ایران پر دواؤں اور خوراک پر امریکی پابندی ، عالمی عدالت انصاف کی جانب سے جواب طلب

عالمی عدالت انصاف نے اسلامی جمہوریہ ایران کے خلاف پابندیاں منسوخ کرنے کے لئے امریکی حکومت کو خط روانہ کرنے کی خبر دی ہے

ہیگ کی عالمی عدالت انصاف میں ایران کے مندوب محسن محبی نے سنیچر کو ایک بیان میں کہا کہ عالمی عدالت انصاف نے جمعے کو ایک خط کے ذریعے امریکہ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ سولہ مئی دوہزارانیس تک یہ وضاحت کرے کہ اس نے دوا، خوراک اور ھوائی  سروسز سے متعلق پابندیوں کی منسوخی کے سلسلے میں عالمی عدالت انصاف کے فیصلے پر عمل درآمد کے لئے کیا اقدامات کئے ہیں-

 عالمی عدالت انصاف نے تین اکتوبر دوہزار اٹھارہ کو اس بات کا اعلان کرتے ہوئے کہ اس کو امریکہ کے خلاف ایران کے مقدمے کی سماعت کرنے کا اختیار حاصل ہے، ایران کے خلاف امریکہ کی جانب سے دواؤں ، خوراک اور ہوائی سروسز پر عائد پابندیوں کو منسوخ کرنے کا فیصلہ سنایا-

 امریکی حکومت کو عالمی عدالت انصاف کا خط امریکہ کے اس دعوے کی نفی کرتا ہے کہ ایران پرعائد پابندیوں میں دوا اور خوراک شامل نہیں ہے- ایرانی عوام کی حمایت میں امریکی حکومت کے گھڑیالی آنسؤوں کی حقیقت واشنگٹن کی جانب سے انسان دوستانہ قوانین کی خلاف ورزی کرنے سے پوری طرح سامنے آگئی ہے اور امریکی حکومت پابندیاں عائد کر کے ایٹمی سمجھوتے سے باہر نکل گئ ہے اور براہ راست ایرانی عوام کو نشانہ بنائے ہوئے ہے-

دواؤں اور خوراک پر پابندی اور انسانی ضرورتوں کی فراہمی کے لئے فضائی ، بری اور بحری راستوں کو بند کرنا کسی بھی بین الاقوامی قانون سے سازگار نہیں ہے - امریکی حکومت کے رویے سے ملت ایران سے اس کی دشمنی کا پتہ چلتا ہے کہ جو ہرممکن طریقے سے اپنے توسیع پسندانہ اہداف کو حاصل کرنا چاہتی ہے- 

امریکی حکام کی جانب سے ملت ایران کو بھوکا رکھنے جیسے الفاظ کے استعمال نے دنیا کے لئے ایران کی ثابت قدم قوم سے امریکہ کی  گہری دشمنی کو طشت از بام کردیا ہے جو گذشتہ چالیس برسوں سے تمام ترمشکلات کے باوجود امریکہ کے سامنے ڈٹی ہوئی ہے اور اس وقت پورے افتخار سے اسلامی انقلاب کی حیات کے پانچویں عشرے میں داخل ہوگئی ہے-

 اسلامی جمہوری نظام کو حاصل عوامی حمایت و ساتھ نے ایران کو ایک مضبوط و بااثر ملک بنا دیا ہے - ایرانی عوام ، متحدہ ہو کر انقلاب اسلامی کے سخت ترین مرحلوں کو پیچھے چھوڑتے رہے ہیں اور آج بھی وہ  استقامت و ہمدلی سے سخت ترین پابندیوں کو عبور کر لیں گے-

 امریکہ نے پابندیوں کا ہتھکنڈہ اختیار کرکے ملت ایران کے سامنے اپنی پسپائی کا ثبوت دیا ہے- امریکہ ، اپنے اہداف حاصل کرنے کے لئے انسانی حقوق کو ہتھکنڈہ بنانے سے بھی دریغ نہیں کرتا اور ناکام ہونے کے صورت میں دواؤں اور غذاؤں پر بھی پابندی عائد کردیتا ہے-

ان حالات میں امریکی حکومت کے خلاف عالمی عدالت انصاف میں اپیل کرنا ہر ملک کا حق ہے اور اسلامی جمہوریہ ایران نے ایٹمی سمجھوتے سے امریکہ کے یکطرفہ طور پر باہر نکلنے اور ملت ایران پر پابندیاں عائد کرنے کے بعد عالمی عدالت انصاف میں اس کے خلاف مقدمہ دائر کیا- عالمی عدالت انصاف نے ملت ایران کے خلاف امریکہ کی جانب سے دواؤں اور خوراک پر پابندی کو غیرقانونی قرار دیا ہے- ان حالات میں عالمی عدالت انصاف کے متفقہ فیصلے کی بابت امریکہ کی موجودہ حکومت کی لاپرواہی و بے توجہی پر واشنگٹن کو جواب دہ ہونا پڑے گا اور جو بھی ملک ایران پر پابندی عائد کرنے میں امریکہ کا ساتھ دے گا وہ امریکی صدر ٹرمپ کی خطاکار حکومت کا مددگار شمار ہوگا-

ٹیگس