Nov ۲۷, ۲۰۱۹ ۱۷:۳۵ Asia/Tehran
  • ایران میں بلوے اور فساد کی امریکہ کی جانب سے ایک بار پھر حمایت، ملت ایران سے دشمنی کی آئینہ دار

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران پر زیادہ سے زیادہ دباؤ ڈالنے کی پالیسی کے تحت اس ملک کے خلاف سخت ترین پابندیاں عائد کر رکھی ہیں- ساتھ ہی ایران میں حالیہ دنوں میں ہونے والے تشدد اور بلوے بھی اس بات کا باعث بنے ہیں کہ واشنگٹن، اپنے ناجائز اور غیر قانونی مطالبات تک رسائی کی امید میں، بلوائیوں اور فتنہ گروں کی حمایت کرے-

واشنگٹن کے سینئر حکام نے گذشتہ تین ہفتوں کے دوران متعدد بار آشکارہ طور پر بلوائیوں اور فتنہ گروں کی حمایت کا اعلان کرتے ہوئے عالمی برادری سے بھی ان کی حمایت کا مطالبہ کیا ہے- امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سمیت بہت سے امریکی حکام نے ایران میں بدامنی کی حمایت کی ہے- اسی سلسلے میں حال ہی میں امریکی وزیر خارجہ مائیک پمپئو نے منگل 26 نومبر کو ایک بار پھر ایران میں بلووں اور تشدد کی حمایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ واشنگٹن ، ایران میں بدامنی پھیلانے والوں کی حمایت کرتا ہے- پمپئو نے بلوائیوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ خود کو تنہا نہ سمجھیں امریکہ ان کے ساتھ ہے- پمپئو نے واشنگٹن میں ایک پریس کانفرنس میں بلوائیوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا امریکہ آپ کی آوازیں سن رہا ہے، اور آپ کی حمایت کرتا ہے اور ہم ہمیشہ آپ کے ساتھ کھڑے ہیں- اس نے اسی طرح یہ بھی وعدہ دیا کہ امریکہ اس مرتبہ ، انسانی حقوق کے بہانے ایران کے خلاف مزید سخت پابندیاں عائد کرے گا- اس نے ایک بار پھر کہا کہ واشنگٹن اس کوشش میں ہے کہ ایران کو ایک عام ملک میں تبدیل کردے-

امریکی وزیر خارجہ کے تازہ ترین بیانات، درحقیقت ایران کے خلاف ٹرمپ حکومت کے دشمنانہ رویوں اور ایران کے بارے میں واشنگٹن کے کبھی نہ پورے ہونے والے خوابوں پر دوبارہ تاکید ہیں- ایران میں حال ہی میں رونما ہونے والے بلوے اور فسادات کہ جو پٹرول کی قیمت میں اضافے کے بہانے سے جمعہ پندرہ نومبر کو شروع ہوئے تھے، امریکہ نے اسے ایران کے داخلی امور میں مداخلت کا ایک موقع جانا اور اسی سلسلے میں واشنگٹن نے نہ صرف بلوائیوں اور فتنہ گروں کی کھل کر حمایت کی بلکہ کوشش کی کہ اپنے زعم میں اسلامی جمہوریہ ایران پر دباؤ ڈالے تاکہ وہ بلوائیوں سے مقابلہ نہ کرے- 

 اسلامی جمہوریہ ایران میں پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے کے اعلان کے بعد ایران کے بعض شہروں میں عوام نے پر امن مظاہرے کئے تھے لیکن اغیار سے وابستہ بلوائی عناصر نے عوام کے ان مظاہروں کو تشدد میں تبدیل کرکے منحرف کردیا۔ بلوائیوں نے مختلف شہروں میں سرکاری اور عوامی املاک کو نقصان پہنچایا اور بدامنی پھیلانے کی کوشش کی۔ بلوائیوں کے ان اقدامات سے یہ واضح ہوجاتا ہےکہ یہ کام عام افراد کا نہیں ہے بلکہ ایک منظم منصوبہ بندی کے ساتھ انجام پایا ہے- اس دوران وائٹ ہاؤس نے ایران کے خلاف اپنے بے بنیاد دعووں کی تکرار کرتے ہوئے نہ صرف بلوائیوں اور تخریبی عناصر کی حمایت کا اعلان کیا بلکہ ایک مداخلت پسندانہ بیان میں ایران کے عوام کی حمایت کا بھی اعلان کیا - ایران کے امور میں امریکہ کے خصوصی نمائندے برایان ہوک نے بھی ایران کے خلاف اپنے بنے بنیاد الزامات کا اعادہ کرتے ہوئے ایک مداخلت پسندانہ بیان میں کہا ہے کہ امریکہ ایران میں بدامنی کی حمایت کرتا ہے ۔ برایان ہوک نے حال ہی میں ایک انٹرویو میں صراحت کے ساتھ کہا کہ واشنگٹن ایران میں پیش آنے والی صورتحال سے خوش ہے-

امریکہ نے بارہا اور بارہا ایران پر بے بنیاد الزامات عائد کئے ہیں اور ایک طرف جہاں وہ اپنے زعم ناقص میں  ایران کے خلاف زیادہ سے زیادہ دباؤ کی پالیسی اپناکر ایران کو اپنے رویوں میں تبدیلی لانے اور امریکی وزیر خارجہ کی بارہ غیر قانونی شرطیں قبول کرنے پر مجبور کرنے کے لئے زور ڈال رہا ہے وہیں ایرانی عوام کے ساتھ ہمدردی کا بھی دعوی کر رہاے ہے- یہ ایسی حالت میں ہے کہ ٹرمپ نے ایٹمی معاہدے سے نکلنے کا اعلان کرکے اور ایران کے خلاف ایٹمی پابندیاں دوبارہ عائد کرکے، ایران میں بدامنی پھیلانے اور غربت کو عام کرنے کے مقصد سے اقتصادی جنگ چھیڑ رکھی ہے- ٹرمپ اور دیگر امریکی حکام نے بارہا ایرانی عوام پر غیر معمولی دباؤ ڈالے جانے کی بات کہی ہےتاکہ اپنے زعم میں " غربت اور شورش" کی پالیسی کے دائرے میں ایران کے عوام اور حکومت کو ایک دوسرے کو مدمقابل لا کھڑا کریں- یہ مسئلہ ایرانی عوام سے ٹرمپ کے شدید کینے کا آئینہ دار ہے- یہ کینہ بھی اس وجہ سے ہے کہ امریکہ کو ایرانی عوام کو اپنا ہمنوا بنانے میں منھ کی کھانی پڑی ہے اور ملت ایران نے کبھی بھی امریکہ کا ساتھ نہیں دیا ہے- 

رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے اپنے ایک خطاب میں، پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے کے بعد رونما ہونے والے واقعات کا ذکر کرتے ہوئے فرمایا کہ حکومت کے اس فیصلے سے عوام کے بعض حلقوں میں یقینا تشویش ہوئی ہوگی اور وہ ناراض بھی ہوں گے لیکن تخریب کاری اور آگ لگانے کے اقدامات عوام نے نہیں بلکہ شر پسندوں نے انجام دیئے ہیں۔ آپ نے فرمایا کہ ایران کے دشمنوں اور انقلاب کے مخالفین نے ہمیشہ اس قسم کے تخریبی اور بدامنی پھیلانے والے اقدامات کی حمایت کی ہے اور اسی کام میں مشغول ہیں۔ رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای کے اس خطاب کے بعد پورے ایران میں عوام نے بلوائیوں اور ان کے حامیوں کی مخالفت میں مظاہروں اور ریلیوں کا سلسلہ شروع کردیا۔

ایرانی قوم کے نقطۂ نگاہ سے ٹرمپ انتظامیہ اپنے مذموم عزائم اور اہداف کو پانے کے لئے موجودہ صورتحال سے فائدہ اٹھانے کے درپے ہے اور ایرانیوں کے بارے میں کبھی بھی، اس کی بھلائی کی نیت نہیں رہی ہے- امریکی حکام کے مواقف بھی ایران کے داخلی امور میں مداخلت کے مترادف ہیں کہ جو عالمی قوانین کی رو سے مکمل طور پر غیرقانونی اور اقوام متحدہ کے منشور کے برخلاف  ہیں-  

   

ٹیگس