Jan ۱۶, ۲۰۱۶ ۱۷:۲۱ Asia/Tehran
  • عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں کمی

عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں کمی کا سلسلہ جاری ہے اور خام تیل کی قیمت ایک بار پھر تیس ڈالر فی بیرل سے بھی کم ہو گئی ہے۔

اطلاعات کے مطابق ہفتے کے روز عالمی منڈی میں شروع سے ہی کمی کا رجحان رہا۔

نارتھ سی برینٹ کروڈ کے سودے ایک ڈالر چورانوے سینٹ کمی کے بعد اٹھائیس ڈالر چورانوے سینٹ فی بیرل پر ختم ہوئے۔

گزشتہ بارہ برسوں کے دوران یہ خام تیل کی کم ترین قیمت ہے۔

جمعرات کے روز برینٹ آئل کے سودے اکتیس ڈالر تین سینٹ پر بند ہوئے تھے اور رواں سال کے آغاز کے بعد سے اس میں پہلی بار معمولی سا اضافہ ہوا تھا۔

نیویارک کی تیل مارکٹ میں جمعے کے روز تیل کے سودے انتیس ڈالر چونسٹھ سینٹ تک میں طے ہوئے جس میں پانچ فی صد کمی کی نشاندہی ہوتی ہے۔

ماہرین کے مطابق تیل کی قیمت کم کرنے میں سعودی عرب اہم کردار ادا کر رہا ہے اور ایسا اس نے ایران کو اقتصادی طور پر نقصان پہنچانے کے لئے کیا ہے۔

سعودی عرب نے ایران اور گروپ پانچ جمع ایک کے درمیان ایٹمی مذاکرات کو ناکام بنانے کی بھر پور کوشش کی لیکن اس میں ناکامی کے بعد اس نے تیل کی قیمت میں ریکارڈ کمی کرنے کے لئے اپنی تیل کی پیداوار میں اضافہ کر دیا جس کی بناء پر عالمی منڈی میں تیل کی قیمت ریکارڈ سطح پر کم ہو گئی۔

ٹیگس