Jul ۲۵, ۲۰۱۶ ۱۹:۲۲ Asia/Tehran
  • یورپ کو سالانہ تیس ارب مکعب میٹر گیس کی فراہمی کا منصوبہ

اسلامی جمہوریہ ایران یورپ کو سالانہ تیس ارب مکعب میٹر گیس کی فراہمی کے لئے تیار ہے۔

اسلامی جمہوریہ ایران نے یورپ کو سالانہ تیس ارب مکعب میٹر گیس کی فراہمی کے لئے اپنی آمادگی ظاہر کی ہے۔ ایران میں گیس رسانی کے قومی ادارے کے ڈائریکٹر " عزیزاللہ رمضانی" نے ارناکے ساتھ گفتگو کے دوران بتایا کہ ایران سنہ دو ہزار بیس تک سالانہ اسّی ارب مکعب میٹر گیس برآمد کرنے کا ہدف رکھتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس مقدار میں سے پچاس ارب مکعب میٹر گیس ہمسایہ ملکوں کے لئے مختص کی گئی ہے۔

ایران کی قومی گیس کمپنی کے ڈائریکٹر نے یورپ کے لئے گیس کی فراہمی سے متعلق ایک سوال کے جواب میں کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران سنہ دوہزار بیس تک سالانہ تیس ارب مکعب میٹر گیس یورپ کو سپلائی کرنے کی گنجائش رکھتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس مقدار میں روزانہ ایک سو بیس ملین مکعب میٹر تک اضافے کا امکان ہے۔

عزیزاللہ رمضانی نے ایران اور پاکستان کے درمیان طے پانے والے معاہدے پر نظر ثانی کے لئے تہران اور اسلام آباد کے اتفاق رائے سے متعلق پاکستانی میڈیا کے دعوے کے بارے میں کہا کہ بعید معلوم ہوتا ہے کہ اس معاہدے میں کسی قسم کی تبدیلی یا ترمیم کی جائے۔

گزشتہ ماہ یورپ کے کئی ایک ملکوں خصوصا جارجیا، بلغاریہ، اور یونان نے ایران سے گیس خریدنے کے لئے اپنی خواہش کا اظہار کیا تھا، جس کو ابھی تک عملی جامہ نہیں پہنایا جاسکا ہے۔ واضح رہے کہ اس وقت ترکی کو ایران کی گیس کا سب سے بڑا خریدار تصور کیا جاتا ہے۔

ٹیگس