Jan ۱۶, ۲۰۱۷ ۱۵:۲۲ Asia/Tehran
  • ایران کے تیل کی رقم روکی نہیں جا‏ئے گی: وزیر پٹرولیئم ایران

اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر پٹرولیم بیژن نامدار زنگنہ نے بعض ملکوں کی جانب سے ایران کے تیل کی رقم روکے جانے کے دعووں کو مسترد کر دیا ہے-

ایران کے وزیر پٹرولیم بیژن نامدار زنگنہ نے ہمارے نامہ نگار کے ساتھ گفتگو میں کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران کی کوئی بھی رقم منجمد نہیں ہو رہی ہے اور تیل سے حاصل ہونے والے پیسے ، ایران  کو مل رہے ہیں - ایران کے وزیر پٹرولیم نے اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ اسلامی جمہوریہ ایران نے گذشتہ نو مہینوں کے دوران چار ارب سات سو ملین ڈالر، تیل کی رقم حاصل کرلی ہے کہا کہ آئندہ دو مہینوں میں تیل اور کنڈینس گیس کی فروخت 41 ارب ڈالر پہنچ جائے گی-

زنگنہ نے رواں سال  2017میں فی بیرل تیل کی قیمت پچپن ڈالر تک پہنچ جانے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پہلی جولائی سے تیل پیدا کرنے والے اوپیک کے ممبر ملکوں کے درمیان طے پانے والے معاہدوں کو عملی جامہ پہنایا جائے گا جس کی بنیاد پر یہ ممالک اپنے تیل کی پیداوارمیں کمی کریں گے- ایران کے وزیر پٹرولیم نے ترکمنستان کی جانب سے گیس سپلائی منقطع کئے جانے پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ایران میں ترکمنستان کی جو گیس درآمد کی جاتی تھی وہ ایران کی گیس کمپنی اور ترکمن گیس کمپنی کے ساتھ ایک تجارتی معاہدے کے تحت انجام پاتی تھی اور اس کی مقدار بھی بہت کم تھی-

ٹیگس