Nov ۰۳, ۲۰۱۷ ۱۹:۲۱ Asia/Tehran
  • ایران پاکستان تجارت میں حائل رکاوٹوں کو دور کئے جانے کی درخواست

پاکستانی تاجروں نے ایران کے ساتھ تجارت کی راہ میں حائل بینکنگ کے مسائل کو ختم کئے جانے کی درخواست کی ہے۔

پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے صدر مقام کوئٹہ میں اسلامی جمہوریہ ایران کے قونصلر جنرل محمد رفیعی نے کہا ہے کہ صوبہ بلوچستان کے تیس پاکستانی تاجروں نے تہران میں ایران کی وزارت خارجہ کے عہدیداروں سے ملاقات میں ایران کے ساتھ تجارت کی راہ میں حائل بینکنگ کے مسائل کو برطرف کرنے کی درخواست کی ہے-

تیس رکنی پاکستانی تاجروں کا ایک وفد تہران مشہد زاہدن کے دورے اور تہران میں ایکسپو دو ہزار سترہ میں شرکت کے لئے ستائیس اکتوبر کو ایران آیا تھا-

پاکستانی تاجروں کے وفد نے مشہد میں مقامی عہدیداروں سے بات چیت کرنے کے ساتھ ساتھ تہران میں منعقدہ بین الاقوامی نمائش ایکسپو میں شرکت کی اور ایران کی وزارت خارجہ کے عہدیداروں سے بات چیت کی-

مذکورہ وفد جمعے کی رات زاہدان کے لئے روانہ ہو گیا جہاں وہ ایران کے صوبہ سیستان و بلوچستان کے عہدیداروں سے تجارتی تعلقات میں توسیع کے معاملات پر مذاکرات کرے گا-