Mar ۱۰, ۲۰۱۸ ۱۸:۵۷ Asia/Tehran
  • ایران کو تیل کی رقم ادا کرنے میں ہندوستان کو کوئی مشکل نہیں ہے

اسلامی جمہوریہ ایران میں ہندوستان کے ناظم الامور نے کہا ہے کہ ایران کے تیل کی خریداری کے لئے واجبات کی ادائیگی میں ہندوستان کو کوئی مشکل نہیں ہے اور تیل کی رقومات کی ادائیگی یورو میں کی جاتی ہے۔

ایران میں ہندوستان کے ناظم الامور دویش اتّم نے تہران میں ہندوستان کی ایک خصوصی نمائش کے آغاز کے موقع پر نامہ نگاروں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پابندیوں کے دور کے جو بھی ہندوستان پر واجبات تھے وہ ایران کو ادا کر دیئے گئے ہیں-

انہوں نے کہا کہ ہندوستان ایران سے خریدے گئے تیل کی قیمت کو ادا کرنے کے لئے کئی چینلوں کا استعمال کرتا ہے جن میں سے ایک یوکو بینک ہے- ان کا کہنا تھا کہ ایران کے بینک ہندوستان کے یوکو بینک کے ساتھ مشترکہ اکاؤنٹ رکھتے ہیں اسی لئے ایران اور ہندوستان کے درمیان تجارتی لین دین میں کوئی مشکل نہیں ہے-

ہندوستانی ناظم الامور نے کہا کہ اس وقت ہندوستان اور ایران کے درمیان تجارتی حجم بارہ ارب آٹھ سو ملین ڈالر ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ روپئے اور ایرانی ریال کو باہمی تجارت کی بنیاد قرار دیئے جانے کے بعد دونوں ملکوں کا تجارتی حجم سالانہ تیس ارب ڈالر ہو جائے گا جو دونوں ملکوں کے اعلی حکام کی خواہش کے مطابق ہے-

ہندوستان کی خصوصی نمائش ہفتے کو تہران میں شروع ہوئی ہے جس میں ہندوستان کی سو کمپنیاں شریک ہیں- اس نمائش میں غذائی اشیا، روایتی ساز و سامان، انجینیئرنگ کے شعبوں اور اسی طرح آئی ٹی سے متعلق وسائل  اور دیگر آلات شائقین اور صارفین کے لئے رکھے گئے ہیں-

 

ٹیگس