Apr ۱۶, ۲۰۱۸ ۱۲:۲۱ Asia/Tehran
  • ایران اور پاکستان ٹرانزٹ راہداری کے قیام پر متفق

ایران نے کہا کہ پڑوسی ممالک کے ساتھ کثیرالجہتی تعلقات کو فروغ دینا تہران کی اہم ترجیح ہے

اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر مواصلات اور شہری ترقی عباس آخوندی نے پاکستان کے شہر لاہور کے دورے کے موقع پر ارنا کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایران و پاکستان ترکی کے ساتھ مل کر خطے میں ٹرانسپورٹیشن اور ٹرانزٹ راہداری قائم کرے گا۔

انہوں نے پاک ایران تعلقات بالخصوص مواصلاتی شعبوں میں تعاون پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک زمینی، ہوائی، سمندری اور ریلوے کے شعبوں میں ایک دوسرے کے ساتھ منسلک ہیں جبکہ دونوں ملکوں کے حکام بھی ان شعبوں میں تعاون کو مزید بڑھانے پر زور دیتے ہیں.

عباس آخوندی نے کہا کہ دورہ پاکستان کے موقع پر میزبان ملک کے ساتھ دوطرفہ اور چند فریقی ٹرانسپورٹیشن راہداری کے فروغ پر تعمیری بات چیت کی گئی. پاکستانی حکام کے ساتھ یہ اتفاق کیا گیا کہ ترکی کے ساتھ مل کر خطے میں ٹرانزٹ اور ٹرانسپورٹیشن سے متعلق مشترکہ راہداری کا قیام عمل میں لایا جائے گا.

ایرانی وزیر مواصلات نے کہا کہ دونوں ممالک کے حکام نے براہ راست پروازں میں اضافے پر اتفاق کیا جس کے تحت ایران کے شہروں ایرانشہر، چابہار، زابل اور زاہدان سے پاکستان کے شہروں تک براہ راست پروازوں کا آغاز کیا جائے گا.

انہوں ںے مزید کہا کہ سالانہ دو لاکھ سے زائد پاکستانی زائر ایران کا سفر کرتے ہیں اور ایران کے زمینی اور فضائی راستے سے عراق کے مقدس مقامات کی زیارات کے لئے جاتے ہیں۔

عباس آخوندی نے مزید کہا کہ چابہار اور کراچی کی بندرگاہوں کے درمیان فیری سروس کے آغاز کے لئے فیصلہ کن اقدامات اٹھانے کا فیصلہ کیا گیا اس کے علاوہ مسافرٹرین کی بحالی کے لئے زاہدان کوئٹہ ریلوے ٹریک کو مزید بہتر بنانے پر بھی اتفاق کیا گیا .

ٹیگس