Apr ۱۸, ۲۰۱۸ ۱۸:۱۱ Asia/Tehran
  • ایران میں  زرمبادلہ کے معاملات سے ڈالر کو حذف کرنے کا فیصلہ

اسلامی جمہوریہ ایران نے اپنے زر مبادلہ کے معاملات سے ڈالر کو حذف کردیا ہے۔

ایران کی حکومتی کابینہ نے بدھ کو صدرڈاکٹر حسن روحانی کی صدارت میں زرمبادلہ کے معاملات سے ڈالر کے بجائے یورو سے کام لینے کا فیصلہ کیا ہے۔
اس فیصلے کے بعد ایران کے سبھی وزارتخانوں، محکموں، اور سرکاری کمپنیوں کو سرکولر جاری کردیا گیا ہے کہ زر مبادلہ سے متعلق اپنے تمام امور اور اعداد و شمار میں یورو کو بنیاد بنائیں۔
اس فیصلے کے مطابق ایران کے مرکزی بینک کو حکم دیا گیا ہے کہ اس سرکولر کی تاریخ سے یورو کی قیمت کا مستقل طور پر اعلان کیا جائے اور اسی کو زرمبادلہ سے متعلق معاملات کی بنیاد قرار دیا جائے۔
قابل ذکر ہے کہ گزشتہ دنوں ایران کے زرمبادلہ کی قیمتوں میں کافی اتار چڑھاؤ رہا ہے جس کے بعد حکومت نے زرمبادلہ کے بازار کو کنٹرول کرنے کے لئے اہم فیصلے کئے اور اب ڈالر کی جگہ یورو سے کام لینے کا فیصلہ کیا ہے۔