Sep ۲۶, ۲۰۱۸ ۱۸:۲۶ Asia/Tehran
  • امریکہ تیل کی قیمتوں میں اضافے کا ذمہ دار، بیژن نامدار زنگنہ

ایران کے وزیر پیٹرولیم بیژن نامدار زنگنہ نے کہا ہے کہ تیل کی قیمتوں میں اضافے اور عالمی منڈیوں میں عدم استحکام کا ذمہ دار امریکہ ہے۔

انھوں نے کہا کہ اوپیک کے رکن ممالک تیل کی منڈی میں استحکام قائم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں جبکہ امریکہ ایران کے تیل کی برآمدات کا کوٹہ کم کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔

ایران کے وزیر پیٹرولیم نے کہا کہ امریکہ اگر چہ ایران کے تیل کی برآمدات میں کمی لانے کے اپنے مقصد میں کامیاب نہیں ہو سکے گا تاہم ٹرمپ کے اقدامات ہی تیل کی منڈی میں عدم اسحکام کا باعث بن رہے ہیں۔

انھوں نے کہا کہ روس اور اوپیک کے رکن ممالک نے تیل کی پیداوار بڑھانے سے انکار کر دیا ہے اور ایسی حالت میں عالمی حالات کو مدنظر رکھے بغیر ایران سے دشمنی برتنے پر مبنی ٹرمپ کے اقدامات مزید مسائل پیدا ہونے کا باعث بن سکتے ہیں۔

دوسری جانب جنوبی کوریا کی وزارت خارجہ نے اعلان کیا ہے کہ ایران سے تیل کی خریداری کا عمل جاری رکھا جائے گا اور وہ اس سلسلے میں امریکی پابندیوں سے بچنے کے لئے واشنگٹن کے حکام سے گفتگو کرے گا۔

جنوبی کوریا کی وزارت خارجہ کے مطابق امریکہ سے چھوٹ حاصل کرنے کے لئے دونوں ملکوں کے نائب وزرائے خارجہ کے درمیان نشست بھی ہوئی ہے تاہم ابھی کوئی نتیجہ نہیں نکل سکا ہے۔

ٹیگس