May ۱۷, ۲۰۱۹ ۲۲:۰۰ Asia/Tehran
  • پاکستان میں ڈالر کی قیمت آسمان پر چڑھی

روپے کے مقابلے میں ڈالر کی قدر تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچنے کے بعد وزیراعظم عمران خان نے روپے کی قدر میں کمی پر قابو پانے کے لیے کمیٹی قائم کر دی۔

رپورٹ کے مطابق پاکستان کے وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت اجلاس میں وزیراعظم کے مشیر برائے خزانہ ڈاکٹر حفیظ شیخ کی سربراہی میں کمیٹی قائم کی گئی جس میں اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے گورنر بھی شامل ہیں۔
پاکستان کے وزیر اعظم نے مذکورہ کمیٹی کو ہدایت کی کہ وہ ڈالر کی قیمت پر قابو پانے کے لیے لازمی اقدامات انجام دے۔
 توقع کی جا رہی ہے کہ مذکورہ کمیٹی پہلے اقدام کے طور پر بیرون ملک جانے والے مسافروں کو زرمبادلہ ساتھ لے جانے کی سطح دس ہزار ڈالر سے کم کر کے تین ہزار ڈالر کرنے کا اعلان کرے گی۔
 پاکستانی حکام کا کہنا ہے کہ افغان تاجروں نے پاکستانی بینکوں کے ذریعے فراہم کی جانے والی سہولتوں سے ناجائز فائدہ اٹھاتے ہوئے بڑی مقدار میں ڈالر پاکستان سے باہر منتقل کیے ہیں جو ڈالر کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کی اہم ترین وجہ بنی ہے۔
 قابل ذکر ہے کہ پاکستان میں جمعے کے روز ڈالر کی قیمت اپنی انتہائی سطح پر کو پہنچ گئی اور اوپن مارکیٹ میں ڈالر، ایک سو پچاس روپے کی حد کو عبور کر گیا۔
انٹر بینک میں ڈالر ایک سو انچاس روپے جبکہ اوپن مارکیٹ میں ڈالر ایک سو پچاس روپے پندرہ پیسے پر فروخت ہوا۔