Jun ۰۷, ۲۰۱۹ ۱۹:۵۶ Asia/Tehran
  • ایران سے تیل کی درآمدات کے بارے میں ہندوستان کا فیصلہ

ہندوستان کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے ایران سے تیل کی درآمدات کے بارے میں اعلان کیا ہے کہ ان کا ملک اس سلسلے میں اقتصادی ضروریات اور توانائی کی سلامتی کے پیش نظر فیصلہ کرے گا۔

ارنا کی رپورٹ کے مطابق ہندوستان کے دفتر خارجہ کے ترجمان روش کمار نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ایران سے تیل کی درآمدات کے بارے میں ہندوستان کے موقف میں کوئی تبدیلی نہیں آئی ہے اور اس سلسلے میں کئے جانے والے ہر فیصلے میں تجارتی، توانائی کی سیکورٹی اور قومی مفادات کو مدنظر رکھا جائے گا۔
تیل و گیس کی درآمدات کے بارے میں ہندوستان کے وزیر داخلہ امیت شاہ، وزیر خارجہ جے شنکر اور وزیر پٹرولیم دھرمیندر پردھان کی شرکت سے جمعرات کے روز ایک ہنگامی اجلاس تشکیل پایا ہے۔
ہندوستانی حکام نے گذشتہ ہفتے اعلان کیا تھا کہ نئی دہلی کی حکومت، ایران سے تیل کی درآمدات کا سلسلہ دوبارہ شروع کرنے کے سلسلے میں تہران کے ساتھ جلد ہی مذاکرات شروع کرنے والی ہے جبکہ ان مذاکرات میں امریکی پابندیوں کو بائی پاس کرنے کے لئے تیل کی رقم روپے میں ادا کرنے کے مسئلے پر بھی غور کیا جائے گا۔