May ۰۸, ۲۰۱۹ ۰۴:۵۹ Asia/Tehran
  • بہار بندگی-2

رمضان المبارک، روح کو پاکیزہ کرنے کا مہینہ ہے، روح کے صاف و شفاف ہونے کا مہینہ ہے، شیطانی پابندیوں اور حیوانی خواہشات سے فرار کا مہینہ ہے، اس مہینے کے دن سب سے بہترین دن اور اس کی راتیں سب سے بہترین راتیں ہیں، اس میں سانس لینا تسبیح اور سونا عبادت ہے ۔

یہ مہینہ سختیوں اور آسایشوں کی ترکیب ہے، بھوک پیاس کی سختیاں، خواہش نفسانی سے غفلت اور زیادہ بولنے اور زیادہ کھانے سے مقابلے کی سختیاں۔ اپنے معشوق سے نزدیکی کا مزہ، استغفار کی خوشبو سونگھنے کا لطف اور لوگوں کے دل و دماغ پر نعمتوں کی ہونے والی بارش کا لطف ۔

رمضان ایک بار پھر اپنی خوبصورتی کے ساتھ آ گیا، ایک بار پھر بندؤں کو اللہ کا مہمان بننے کا موقع فراہم ہوا اور مسلمانوں کے دل ایک بار پھر خوشیوں سے جھوم اٹھے ۔ دوسری جانب گھڑیوں کی ٹک ٹک کی آواز، رمضان المبارک کے آنے کی خوشخبری دے رہی ہے ۔ اس مہینے میں اسلام قبول کرنے والے تازہ مسلمانوں کے دل بھی کھل جاتے ہیں، وہ اپنی زندگی میں پہلی بار روزہ رکھنے کا تجربہ کرتے ہیں ۔

فلپائن کے جوان مارکوس نے اسلام قبول کرنے کے بعد اپنا نام احمد مؤمن رکھ لیا ہے۔ وہ بہت بے صبری سے رمضان کے آغاز کا انتظار کر رہے تھے ۔ وہ اس بارے میں کہتے ہیں کہ میں پہلے اسلام میں روزہ رکھنے کی رسم کا مذاق اڑاتا تھا، جب میں دس برسوں تک متحدہ عرب امارات میں تھا تو مسلمانوں کا روزہ رکھنا میرے لئے ایک ڈراونے خواب جیسا تھا، خود کو پورے مہینے گھر میں بند رکھنا ہوتا تھا، پورے مہینے دوکانیں بند رہتی تھیں، انہیں چيزوں نے مجھے رمضان کے مہینے سے متنفر کر دیا تھا، میرا خیال تھا کہ روزہ، انسان کے لئے جسمانی اور روحی اذیت ہے۔

مارکوس نے بہت زیادہ مطالعے کے بعد اسلام قبول کر لیا اور انہیں روزے کا حقیقی معنی سمجھ میں آ گیا نیز روزے کے بارے میں ان کے مواقف پوری طرح تبدیل ہوگئے ۔ اسلام قبول کرنے کے بعد انہوں نے رمضان میں کچھ دن روزے رکھے اور روزے کے بارے میں اپنے تجربات شیئر کرتے ہوئے کہتے ہیں کہ آج تک میں نے اس طرح کے سکون کا احساس نہیں کیا ۔ 

ان کا کہنا تھا کہ اب میں سمجھ گیا ہوں کہ روزہ رکھنے سے انسان پر کیا معنوی اثرات مرتب ہوتے ہیں ۔ رمضان میں روزہ رکھنا نہ صرف یہ کہ جسمانی اذیت نہیں ہے بلکہ جسم کی سلامتی کے لئے بہت مفید ہے ۔

وہ مزید کہتے ہیں کہ سال بھر میں ایک مہینہ روزہ رکھنا بہت حکمت آمیز قدم ہے اور یہی سبب ہے کہ اللہ نے اس فریضہ کو سال میں ایک بار واجب کیا ہے نہ یہ کہ پورے سال بندوں پر واجب کیا ہے۔ رمضان میرے لئے بہت ہی خوبصورت تجربہ ہے ۔ اس تجربے سے میں سکون، خوشی اور لطف سے سرشار ہو گیا۔ میں پورے شوق سے رمضان کا انتظار کر رہا تھا ۔

ٹیگس