Sep ۲۴, ۲۰۱۵ ۱۰:۵۲ Asia/Tehran
  • ہندوستان کے وزیر اعظم نریندر مودی نیویارک پہنچ گئے
    ہندوستان کے وزیر اعظم نریندر مودی نیویارک پہنچ گئے

ہندوستان کے وزیر اعظم نریندر مودی امریکا کے دورے پر نیویارک پہنچ گئے ہیں۔

میڈیا رپورٹوں کے مطابق ہندوستان کے وزیر اعظم نریندر مودی آئر لینڈ کے دورے کے بعد اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں شرکت کے لئے امریکا کے دورے پر نیو یارک پہنچ گئے ہیں-
وہ مقامی وقت کے مطابق بدھ کی شام نیویارک پہنچے اور نیویارک کے ہوائی اڈے پر امریکا میں ہندوستان کے سفیر، اقوام متحدہ میں ہندوستان کے نمائندے اور نیویارک میں ہندوستانی قونصل جنرل نے ان کا استقبال کیا۔
نریندر مودی امریکا میں اپنے چھے روزہ قیام کے دوران گروپ چار کے سربراہی اجلاس میں بھی شرکت اور خطاب کریں گے- اس سال ہندوستان نیویارک میں گروپ چار کے سربراہی اجلاس کی میزبانی کر رہا ہے جس کا اصل ایجنڈا اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی اصلاحات سے متعلق ہے-
یہ سربراہی اجلاس چھبیس ستمبر کو ہوگا اور اسی دن نریندر مودی کیلی فورنیا چلے جائیں گے اور ستائیس ستمبر تک وہاں رہیں گے- وہ اٹھائیس ستمبر کو واپس نیویارک پہنچیں گے اور امریکی صدر باراک اوباما سے ملاقات کریں گے-
اس سے پہلے ہندوستان کے وزیر اعظم نریندر مودی نے آئرلینڈ میں پانچ گھنٹے قیام کیا تھا جہاں انہوں نے آئر لینڈ کے وزیر اعظم انڈا کینی سے ملاقات اور مختلف مسائل پر بات چیت کی تھی-
اس ملاقات کے بعد ایک مشترکہ بیان بھی جاری کیا گیا تھا۔ اس موقع پر نریندر مودی نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی مستقل رکنیت اور جوہری سپلائر گروپ کی رکنیت کے لئے آئرلینڈ سے ہندوستان کی حمایت کرنے کی اپیل کی۔ ہندوستان کے کسی وزیر اعظم کا انسٹھ سال کے بعد آئر لینڈ کا یہ پہلا دورہ تھا۔ اس سے پہلے وزیر اعظم جواہر لعل نہرو نے انیس سو چھپن میں آئر لینڈ کا دورہ کیا تھا-

ٹیگس