Feb ۱۸, ۲۰۱۶ ۲۰:۰۳ Asia/Tehran
  • جیل میں میری جان کو خطرہ ہے: کنہیا کمار

ہندوستان میں ملک سے غداری کے الزام میں گرفتار جے این یو طلبہ یونین کے صدر کنہیا کمار نے کہا ہے کہ جیل میں ان کی جان کو خطرہ ہے۔

موصولہ رپورٹ کے مطابق دہلی میں واقع ہندوستان کی مشہور درسگاہ جواہر لعل نہرو یونیورسٹی، جے این یو، کی طلبہ یونین کے صدر کنہیا کمار نے، جو ملک سے غداری کے الزام میں دہلی کی تہاڑ جیل میں بند ہیں، جیل میں اپنی جان کو خطرہ بتایا ہے اور سپریم کورٹ سے ضمانت کی درخواست کی ہے-

انہوں نے اپنے وکیل کے ذریعہ سپریم کورٹ میں ضمانت کی عرضی داخل کی ہے۔

کنہیا کمار نے کہا کہ ان کی جان کی حفاظت کے لئے سپریم کورٹ کو دخل دینے کی ضرورت ہے۔

سپریم کورٹ نے کنہیا کمار کی ضمانت کی درخواست پر جمعہ کو سماعت کئے جانے کا اعلان کیا ہے۔

واضح رہے کہ کنہیا کمار کو بارہ فروری کو ملک سے غداری کے الزام میں گرفتار کرلیا گیا تھا۔ انہوں نے اس الزام کی تردید کی ہے اور کہا ہے کہ وہ کبھی بھی ملک مخالف سرگرمیوں میں شامل نہیں رہے ہیں۔

دریں اثنا کانگریس کے نائب صدر راہل گاندھی نے جے این یو معاملے میں جمعرات کو ملک کے صدر جمہوریہ پرنب مکھرجی سے ملاقات کی۔

راہل گاندھی نے اپنی پارٹی کے سینئر لیڈروں کے ساتھ صدر پرنب مکھرجی سے ملاقات کی اور ان کو ایک میمورینڈم پیش کیا۔

اس ملاقات کے بعد راہل گاندھی نے کہا کہ آر ایس ایس اپنی آئیڈیالوجی کو ملک کے طلبا پر مسلط کرنے کی کوشش کر رہی ہے لیکن ہم ایسا نہیں ہونے دیں گے اور یہ کہ طلبہ کی آواز دبنے نہیں دی جائے گی۔

ٹیگس