May ۲۵, ۲۰۱۶ ۲۰:۰۵ Asia/Tehran
  • ہندوستان: مودی حکومت کی کارکردگی پر کانگریس کی تنقید

ہندوستان کی حزب اختلاف کی جماعت کانگریس پارٹی نے مودی حکومت کے دو سال کی کارکردگی کو ناقص قرار دیا ہے۔

کانگریس پارٹی کے پریس انچارچ رندیپ سرجے والا نے نئی دہلی میں ایک پریس کانفرنس میں کہا ہے کہ مودی حکومت کے دو سال کی مدت پوری طرح فلاپ رہی ہے۔ کانگریس کے ترجمان کا کہنا تھا کہ مرکز میں برسراقتدار بھارتیہ جنتا پارٹی اور اس کی اتحادی جماعتوں کی حکومت، جس کی سربراہی نریندر مودی کر رہے ہیں، ہر شعبے میں ناکام رہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ مودی حکومت کی ناکامیوں کو عوام میں برملا کرنے کے لئے پارٹی کے سینیئر لیڈر، ملک کے باون شہروں میں پریس کانفرنس کریں گے۔ کانگریس کے ترجمان نے کہا کہ سب کا وکاس کا وعدہ کر کے وزیراعظم نریندر مودی، اقتدار میں آئے لیکن وہ ایک سو پچیس کروڑ لوگوں کی ترقی کی توقع کی کسوٹی پر کھرے نہیں اتر سکے اور پوری طرح ناکام رہے۔

یاد رہے کہ حزب اختلاف کی جماعت کانگریس کا مودی حکومت کو ناکام بتانے پر مبنی یہ بیان ایک ایسے وقت سامنے آیا ہے جب بھارتیہ جنتاپارٹی کے رہنما اپنی حکومت کے دو سال پورے ہونے کا جشن منا رہے ہیں اور ان کا کہنا ہے کہ مرکزی حکومت نے اس عرصے میں بہت سے ترقیاتی اور اقتصادی کارنامے انجام دیئے ہیں۔

ٹیگس