Jun ۱۶, ۲۰۱۶ ۱۹:۰۴ Asia/Tehran
  • ہندوستان میں بڑھتی ہوئی فرقہ واریت کے خلاف احتجاجی مظاہرہ

ہندوستان میں بڑھتی ہوئی فرقہ واریت اور فسطائیت کےخلاف جمعرات کو نئی دہلی میں مختلف مسلم اور غیرمسلم تنظیموں نے زبردست احتجاجی مظاہرہ کیا.

دہلی کے جنتر منتر پر ہونے والے اس مظاہرے میں شریک لوگوں نے بعض انتہا پسند اور فسطائی ذہنیت رکھنے والے سخت گیر ہندو لیڈروں کے اشتعال انگیز بیانات کی مذمت کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ ایسے لوگوں کے خلاف کارروائی کرے-

مظاہرے میں شریک لوگوں نے آر ایس ایس سے وابستہ سادھوی پراچی کے اس بیان کی سخت الفاظ میں مذمت کی جس میں انہوں نے کہا تھا کہ ہندوستان کو مسلمانوں سے عاری ملک بنانے کا وقت آ گیا ہے- مظاہرین نے زور دے کر کہا کہ ہندوستان مختلف مذاہب کے ماننے والوں کا ملک ہے جہاں کے آئین نے سب کو برابری کا حق دیا ہے اس لئے سماج اور معاشرے میں نفرت پیدا کرنے والے لوگوں کے خلاف سخت کارروائی کی جانی چاہئے-

بعض مقررین نے مرکز میں برسراقتدار بھارتیہ جنتا پارٹی خاص طور پر وزیراعظم نریندر مودی کی جانب سے ایسے بیانات کا نوٹس نہ لئے جانے پر بھی سخت تنقید کی- مظاہرے کا اہتمام کرنے والی امام کونسل کے قومی جنرل سکریٹری مولانا محمد حنیف احرار نے کہا کہ ملک میں فسطائیت اور فرقہ واریت کو جان بوجھ کر ہوا دی جا رہی ہے جو ملک کے آئین کے خلاف ہے اور حکومت کو چاہئے کہ ایسے اقدامات اور بیانات کا سختی سے نوٹس لے۔

ٹیگس