Jul ۰۶, ۲۰۱۶ ۱۸:۱۹ Asia/Tehran
  • چابہار بندرگاہ ایران ہندوستان تعاون کی علامت

صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی نے چابہار بندرگاہ کی توسیع کے پروجکٹ کو تہران اور نئی دہلی کے درمیان تعاون کی علامت قرار دیا۔

ہندوستان کے وزیر ا‏عظم نریندر مودی نے بدھ کے روز ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی کو ٹیلیفون پر عید الفطر کی مبارک باد پیش کی۔

ہندوستان کے وزیر ا‏عظم نریندر مودی نے اس ٹیلیفونی گفتگو میں صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی کو عیدالفطر کی مبارکباد دینے کے بعد کہا کہ نئی دہلی، تہران کے ساتھ تعاون بڑھانے پر مصمم ہے۔ انھوں نے اپنے دورہ تہران کو کافی مفید قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہندوستان چابہار بندرگاہ کی توسیع کے پروجکٹ کے معاہدے سمیت سبھی معاہدوں پر عمل درآمد کے لئے تیار ہے۔

اس ٹیلیفونی گفتگو میں صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی نے بھی ہندوستان کے وزیر اعظم نریندر مودی کے دورہ تہران کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس دورے میں انجام پانے والے سمجھوتوں بالخصوص چابہار بندرگاہ کی توسیع اور دونوں ملکوں کے دیگر مشترکہ پروجکٹوں کے بارے میں معاہدوں پر جلد از جلد عمل درآمد شروع کئے جانے کی ضرورت ہے۔

انھوں نے ایران اور ہندوستان کے درمیان بینکاری، تجارت اور جدید ٹیکنالوجی کے شعبوں میں تعاون کے فروغ کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے چابہار بندرگاہ کی توسیع کے پروجکٹ کو دونوں ملکوں کی ترجیحات میں قرار دیا۔

صدر مملکت نے ہندوستان کے وزیر اعظم نریندر مودی کے ساتھ اس ٹیلیفونی گفتگو میں کہا کہ چابہار بندرگاہ ایران، ہندوستان، افغانستان اور وسطی ایشیا کے ملکوں کو ایک دوسرے سے متصل کرتی ہے اور تہران نئی دہلی تعاون کی علامت ہے۔

قابل ذکر ہے کہ چابہار بندرگاہ کی توسیع کے پروجکٹ اور سہ فریقی چابہار ٹرانزٹ معاہدے پر گزشتہ تئیس مئی کو تہران میں ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی، ہندوستان کے وزیر ا‏عظم نریندر مودی اور افغانستان کے صدر محمد اشرف غنی کی موجودگی میں تینوں ملکوں کے وزرائے نقل و حمل نے دستخط کئے تھے۔

 

 

ٹیگس