Feb ۲۴, ۲۰۱۷ ۱۰:۴۶ Asia/Tehran
  • ہندوستانی وزیراعظم پرملک کو تقسیم کرنے کا الزام

کانگریس نائب صدر راہل گاندھی نے بی جے پی اور آر ایس ایس پر حملہ کرتے ہوئے کہا کہ صرف نفرت پھیلانے والی ان دونوں ہی تنظیموں کے پاس ملک کی آزادی میں اہم کردار ادا کرنے کے نام پر بتانے کیلئے کچھ بھی نہیں ہے۔

کانگریس نائب صدر راہل گاندھی نےامیٹھی میں منعقدہ انتخابی پروگرام میں بی جے پی اور آر ایس ایس پر کڑی نکتہ چینی کرتے ہوئے کہا کہ صرف نفرت پھیلانے والی ان دونوں ہی تنظیموں کے پاس ملک کی آزادی میں اہم کردار ادا کرنے کے نام پر بتانے کیلئے کچھ بھی نہیں ہے۔ انہوں نے ملک کو نہ تو مہاتما گاندھی دیا اور نہ ہی سردار پٹیل۔

راہل گاندھی نے کہا کہ وزیراعظم مودی ملک کو تقسیم کرنے اور توڑنے کی سیاست کر رہے ہیں۔ ذات کو ذات سے اور مذہب کو مذہب سے لڑانا مودی کی عادت بن گئی ہے۔ وہ اترپردیش میں بھی یہی کر رہے ہیں۔

انہوں نے 'نہ ہندو بنے گا نہ مسلمان بنے گا، انسان کی اولاد ہے انسان بنے گا گیت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ مودی آر ایس ایس کے نظریات والا ہندوستان کبھی نہیں بنا سکیں گے۔ راہل نے کہا کہ ملک کی آزادی میں ناقابل فراموش کردار ادا کرنے والے عظیم لوگوں میں سے کسی کا بھی واسطہ بی جے پی یا آر ایس ایس سے نہیں تھا۔ خواہ مہاتما گاندھی ہوں، سردار پٹیل ہوں یا پھر بھگت سنگھ۔ بی جے پی اور آر ایس ایس کے پاس بتانے کے لئے کچھ نہیں ہے۔

کانگریس کے نائب صدر راہل گاندھی نے کہا کہ نریندرمودی سے کسانوں کے قرض معافی کے لئے اپیل کی لیکن انہوں نے انہیں کچھ نہیں دیا لوگوں کے دل میں اس وقت چوٹ لگی جب یہاں کے کارخانے بند کردئے گئے یا پھر انہیں دیگر ریاستوں میں شفٹ کردیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ میگا فوڈ پارک میں چالیس پروسیسنگ کارخانے لگنے تھے جس میں کم سے کم تیس ہزار لوگوں کو روزگار ملتی ۔ ان کارخانوں کے واپس جانے سے یہاں بے روزگار بڑھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر ریاست میں اتحاد کی حکومت بنی تو کسانوں کا قرض معاف کردیا جائے گا اور بجلی ہاف ہوگا۔

 

ٹیگس