Mar ۰۲, ۲۰۱۷ ۰۹:۱۶ Asia/Tehran
  •  مسئلہ کشمیر، سوا کروڑ کشمیری عوام کے مستقبل کا مسئلہ ہے

ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر کی حریت کانفرنس نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر کوئی امن و قانون کا مسئلہ نہیں ہے بلکہ سوا کروڑ کشمیری عوام کے سیاسی مستقبل کے تعین کا مسئلہ ہے۔

بدھ کے روز کل جماعتی حریت کانفرنس کی ایگزیکیٹو کونسل، جنرل کونسل اور ورکنگ کمیٹی کا مشترکہ اجلاس حریت کانفرنس کے چیئرمین میر واعظ مولوی عمر فاروق کی صدارت میں سری نگر کے راج باغ میں واقع حریت کے صدر دفتر میں منعقد ہوا جس میں حریت کانفرنس کی ایگزیکیٹو کونسل کے اراکین مولانا محمد عباس انصاری، پروفیسر عبد الغنی بٹ، بلال غنی لون اور مختار احمد وازہ نے شرکت کی۔

اس اجلاس میں میر واعظ عمر فاروق کی قیادت والی حریت کانفرنس نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر کوئی امن و قانون کا مسئلہ نہیں ہے بلکہ سوا کروڑ کشمیری عوام کے سیاسی مستقبل کے تعین کا مسئلہ ہے جس کا ایک پائیدار اور منصفانہ حل پاکستان، ہندوستان اور کشمیر کے کروڑوں عوام کے مجموعی مفاد میں ہے اور اس مسئلے کے حل کو جتنی دیر تک التواء میں رکھا جائے گا اس وقت تک خطے میں غیر یقینی سیاسی صورتحال کا خاتمہ نا ممکن ہے۔

حریت کے ترجمان نے کہا کہ اجلاس میں رواں سیاسی، تحریکی اور تنظیمی صورتحال کے مختلف پہلوؤں پر سنجیدہ اور تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا اور یہ طے ہوا ہے کہ یہ عمل اگلی نشستوں میں جاری رکھا جائے گا۔

واضح رہے کہ ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر کے حالات 8 جولائی 2016 کو حزب المجاہدین کے کمانڈر برہان وانی کی سیکورٹی فورسز کے ہاتھوں ہلاکت کے بعد سے خراب ہو گئے جس کے دوران ہونے والے پر تشدد مظاہروں میں 125 سے زائد افراد جاں بحق اور ہزاروں دیگر زخمی ہوئے جبکہ سیکورٹی اہلکاروں نے درجنوں افراد کو گرفتار بھی کر لیا ہے۔ 

 

ٹیگس