Mar ۲۲, ۲۰۱۷ ۱۸:۳۹ Asia/Tehran
  • اجمیردہشت گردانہ بم دھماکوں کے دو دہشت گردوں کو عمر قید کی سزا

ہندوستان کے شہر اجمیر کی درگاہ میں دوہزار سات میں ہوئے دہشت گردانہ بم دھماکے کے جرم میں آرایس ایس کے ایک لیڈر سمیت دو افراد کو عمر قید کی سزا سنائی گئی ہے۔

دوہزار سات میں اجمیر شریف میں بزرگ صوفی خواجہ معین الدین چشتی کی درگاہ میں دہشت گردانہ بم دھماکے کے جرم میں این آئی اے کی خصوصی عدالت نے آرایس ایس کے لیڈر دیویندر گپتا اور اس کے ساتھی بھویش پٹیل کو عمر قید کی سزا سنائی ہے۔

عدالت نے ان مجرموں کے خلاف یہ سزا واقعےکے دس سال  بعد سنائی ہے - سزا کا اعلان اس سے پہلے ہی ہونا تھا لیکن معاملہ بدھ تک ملتوی کردیا گیا تھا۔اس دھماکے کے ایک  ملزم سنیل جوشی کی موت ہوچکی ہے۔

واضح رہے کہ گیارہ اکتوبر دوہزار سات میں اجمیر کی درگاہ میں ہوئے دہشت گردانہ بم دھماکے میں تین زائرین جاں بحق ہوگئے تھے جبکہ پندرہ افراد زخمی ہوئے تھے۔

ہندوستانی میڈیا کا کہنا ہے کہ  راجستھان پولیس نے اس معاملے کی ابتدائی تحقیقات  کی تھی لیکن دوہزار گیارہ میں  یہ کیس این آئی اے کو سونپ دیا گیا تھا۔ اس دہشت گردانہ بم دھماکے کے تین ملزمان ابھی تک فرار ہیں مجموعی طور پر این آئی اے نے تیرہ ملزمان کے خلاف چالان پیش کیا تھا۔