Apr ۱۸, ۲۰۱۷ ۱۳:۵۴ Asia/Tehran
  • پاکستان کی جانب سے کلبھوشن یادو تک رسائی کی درخواست مسترد

پاکستان نے جاسوسی کے الزام میں گرفتارہندوستانی شہری کلبھوشن یادو تک ہندوستانی سفارتی رسائی دینے سے ایک بار پھر انکار کر دیا ہے

ہندوستان اس سے پہلے بھی پاکستان سے اپنے شہری کو سفارتی رسائی فراہم کرنے کی درخواست کرچکا ہے - ہندوستان کی جانب سے پندرہویں بار یہ مطالبہ کیا جا رہا ہے لیکن ہر بار کی طرح اس بار بھی پاکستان نے ہندوستان کی یہ درخواست ماننے سے انکار کر دیا ہے - پاکستانی فوج کے ترجمان میجر جنرل آصف غفور نے بتایا کہ قانون کے مطابق ہم ہندوستان کو جاسوسی میں شامل کلبھوشن یادو تک سفارتی رسائی نہیں دے سکتے - اس درمیان نئی دہلی میں ہندوستانی حکام نے کہا کہ سفارتی رسائی سے انکار کئے جانے کو لے کر پاکستان کی طرف سے کوئی رسمی اطلاع نہیں دی گئی ہے - واضح رہے کہ چھیالیس سالہ کلبھوشن یادو کو جاسوسی کے الزام  میں پاکستان کی ایک عدالت نے گذشتہ ہفتے موت کی سزا سنائی تھی - اس پر ہندوستان نے کڑی تنقید کی ہے اور پاکستان کو خبردار کیا ہے کہ اگر کلبھوشن یادو کو طے شدہ منصوبے کے تحت قتل کیا گیا تو اس سے دونوں فریقوں کو نقصان پہنچ سکتا ہے - ادھر امریکہ کے قومی سلامتی کے مشیر ایچ آر میک ماسٹر بھی منگل کو ہندوستان پہنچے ہیں اور انھوں نے اپنے بھارتی ہم منصب اجیت ڈوبھال سے بات چیت کی ہے کہا جا رہا ہے کہ دونوں حکام نے کلبھوشن یادو کے معاملے میں بھی بات چیت کی ہے-