Apr ۱۹, ۲۰۱۷ ۱۸:۰۷ Asia/Tehran
  • ہندوستان میں وی آئی پی گاڑیوں سے لال بتی ہٹانے کا فیصلہ

ہندوستان میں یکم مئی سے وی آئی پی گاڑیوں سے لال بتی ہٹادی جائے گی

نئی دہلی سے موصولہ رپورٹ کے مطابق ہندوستان کی مرکزی حکومت نے صدر اور وزیر اعظم سمیت تمام اہم شخصیات کی گاڑیو ں سے آئندہ یکم مئی سے لال بتی ہٹانے کا فیصلہ کیا ہے۔ ہندوستانی خبررساں ایجنسی یو این آئی کے مطابق یہ فیصلہ وزیر اعظم نریندر مودی کی صدارت میں منعقدہ کابینہ کے اجلاس میں وی آئی پی کلچر ختم کرنے کے لئے کیا گیا ہے ۔میٹنگ کے بعد ہندوستان کے ٹرانسپورٹ کے وزیر نتن گڈکری نے بتایا کہ کوئی وزیر یا سینئر افسر لال بتی کا استعمال نہیں کر سکے گا اور نیلی بتیاں صرف ہنگامی خدمات کی گاڑیوں پر ہی لگائی جاسکیں گی۔وزیر خزانہ ارون جیٹلی نے نامہ نگاروں کو بتایا ہے کہ یہ فیصلہ وزیر اعظم نریندر مودی نے کیا ہے اور انہوں نے ہی کابینہ کی میٹنگ میں اپنے اس فیصلے کی اطلاع دی ہے۔رپورٹ کے مطابق کانگریس پارٹی نے وی آئی پی گاڑیوں سے لال بتی ہٹانے کے مرکزی حکومت کے نریندر مودی کے فیصلے کا خیرمقدم کیا ہے ۔ کانگرس پارٹی نے اعلان کیا ہے کہ اس نے اس کا آغاز ریاست پنجاب میں پہلے ہی کردیا ہے۔ یاد رہے کہ ریاست پنجاب میں کانگرس پارٹی کی حکومت ہے ۔