Apr ۲۱, ۲۰۱۷ ۰۹:۴۱ Asia/Tehran
  • محبوبہ مفتی کی جانب سے امن بحال کرنے کی اپیل

کشمیر میں حالات بدستور کشیدہ ہیں اور حالات کو بہتر بنانے کے لئے محبوبہ مفتی نے کشمیری عوام سے تعاون کرنے کی اپیل کی ہے۔

ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر کی وزیر اعلی محبوبہ مفتی نے وادی کشمیر میں امن اور عام حالات بحال کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ کشمیر پہلے ہی انسانی، تعلیمی اور اقتصادی نقصان سے دو چار رہا ہے۔

محبوبہ مفتی نے کل شام این ایم ایچ ایس اسپتال میں بی کام کی ایک طالبہ اقرأ کی عیادت کے بعد  میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ امن کے قیام سے ہی تعلیمی، اقتصادی اور سیاحتی سرگرمیاں آسانی سے چل سکتی ہیں۔

واضح رہے کہ نوا كدال لیڈی کالج کی طالبہ اقرأ مبینہ طور پر پیر کو طالب علموں کے ساتھ مظاہرے کے دوران زخمی ہو گئی تھی۔

ادھر کشمیر میں طلباء کی جانب سے احتجاجی مظاہروں کے پیش نظر تمام کالج جمعرات کو مسلسل تیسرے دن بھی بند رہے۔

اگرچہ کشمیر یونیورسٹی اور اسلامک یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی (آئی یو ایس ٹی) نے تمام امتحانات شیڈول کے مطابق لئے جانے کا اعلان کر رکھا ہے تاہم دونوں یونیورسٹیوں میں درس و تدریس کی سرگرمیاں تیسرے دن بھی معطل رہیں۔

احتجاجی مظاہروں کے خدشے کے پیش نظر ڈویژنل انتظامیہ نے وادی کے سبھی کالج 21 اپریل تک بند رکھنے کا اعلان کر رکھا ہے۔

ٹیگس