Apr ۲۴, ۲۰۱۷ ۱۹:۴۱ Asia/Tehran
  • ہندوستان میں نکسلیوں کا حملہ ، چوبیس فوجی ہلاک

ہندوستان میں نکسلیوں کے حملے میں چوبیس فوجی ہلاک اور چھے زخمی ہوگئے

 نکسلیوں نے یہ حملہ ریاست چھتیس گڑھ کے سکما ضلع میں کیا ہے - نکسلیوں نے سکما ضلع کے برکا پال علاقے میں گھات لگا کر فوجی جوانوں پر حملہ کیا - سی آر پی ایف کی چوہترویں بٹالین روڈ اوپننگ کے لئے نکلی تھی جس پر گھات لگا کر بیٹھے نکسلیوں نے فائرنگ کر دی - فوج نے بھی جوابی کارروائی کی تاہم اچانک ہوئے اس حملے میں متعدد فوجی ہلاک ہوگئے اور جو چھے جوان زخمی ہوئے ہیں ان کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے - ہندوستان کے ایک پرائیویٹ ٹی وی چینل آج تک نے سکما میں نکسلیوں کے حملے میں ہلاک ہونے والے ہندوستانی فوجیوں کی تعداد چوبیس بتائی ہے - سکما کے پولیس سربراہ جتیندر شکلا نے حملے کی اطلاع دیتے ہوئے بتایا کہ نکسلی حملہ آور حملے کے دوران فوجیوں کے ہتھیار بھی لوٹ کر لے گئے - ہلاک ہونے والے تمام فوجی سی آر پی ایف کی چوہترویں بٹالین کے تھے - ریاست چھتیس گڑھ کے وزیراعلی رمن سنگھ نے حملے کے بعد اپنا دہلی کا منسوخ کردیا ہے اور ریاستی حکام کا ہنگامی اجلاس طلب کرلیا ہے جبکہ مرکزی وزارت داخلہ نے بھی حالات کا جائزہ لینے کے لئے ہنگامی اجلاس بلایا ہے -