Apr ۲۴, ۲۰۱۷ ۲۰:۲۹ Asia/Tehran
  • ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر میں پولیس اور طلبا میں تصادم

ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر کےصدر مقام سری نگر میں طلبہ اور سیکورٹی فورس کے درمیان ایک بار پھر تصادم کی خبریں موصول ہوئی ہیں۔

سری نگر سے ہمارے نمائندے کے مطابق، پولیس نے ریگل چوک پر مظاہرہ کرنے والے طلبہ کو منتشر کرنے کے لیے زبردست شیلنگ اور لاٹھی چارج کیا جس کے نتیجے میں متعدد طلبہ زخمی ہوگئے۔ مشتعل طلبہ نے بھی پولیس اہلکاروں پر پتھراؤ کیا اور زبردست نعربازی کی۔پولیس اور طلبا کے درمیان تصادم کے نتیجے میں علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا اور ریگل چوک اور اس کے اطراف کی دوکانیں اور کارو باری مراکز بند ہوگئے۔ دوسری جانب اطلاعات ہیں کہ ہندوستان کے زیرانتظام کشمیر کی حمکران جماعت کے رہنما عبدالغنی ڈار فائرنگ کے ایک واقعے میں زخمی ہوگئے ہیں۔رپورٹ کے مطابق ، پی ڈی پی کے ضلعی صدر عبدالغنی ڈار کی گاڑی پر پنگلانہ کے علاقے میں فانرنگ کی گئی ہے۔ یہ واضح نہیں ہے کہ ان پر فا‏ئرنگ کس نے کی ہے تاہم ہندوستانی ذرائع نے اسے دہشتگردی قرار دیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق جس وقت ان پر حملہ کیا گیا اس وقت ان کے ہمراہ پولیس کی دو گاڑیاں بھی تھیں جبکہ یہ گزشتہ چند ہفتوں میں سیاستدانوں پر ہونے والا تیسرا حملہ ہے۔ بعض خبروں میں کہا گیا ہے کہ عبدالغنی ڈار اسپتال میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے ہیں تاہم سحر عالمی نیٹ ورک کو اپنے ذرائع سے اس کی تصدیق نہیں ہوسکی ہے۔