Apr ۲۵, ۲۰۱۷ ۱۶:۰۳ Asia/Tehran
  • چابہار بندرگاہ کی توسیع کے منصوبے پر ہندوستان کی تاکید

ہندوستان کے ٹرانسپورٹ کے وزیر نے ایران کی بندرگاہ چابہار کے منصوبے کی توسیع پر تاکید کی ہے۔

ہندوستان کے ٹرانسپورٹ کے وزیر نتن گڈکری نے علاقے کے ملکوں کے درمیان تجارتی معاملات میں اضافے کے تعلق سے ایران کی چابہار بندرگاہ کی اہمیت کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ چابہار بندرگاہ کے توسیعی منصوبے پر تیزی سے کام ہو رہا ہے۔

 نتن گڈکری نے منگل کو اپنے ایک بیان میں کہا کہ حکومت ہندوستان نے جنوبی ایران کی چابہار بندرگاہ کی ترقی کے لئے وہاں ایک بین الاقوامی کمپنی قائم کی ہے-

چابہار بندرگاہ میں ہندوستان کے ذریعے پچاسی ملین ڈالر کی سرمایہ کاری سے دو جیٹیوں کی تعمیر کے معاہدے پر گذشتہ برس ایران اور ہندوستان کے ٹرانسپورٹ کے وزیروں نے دستخط کئے تھے جبکہ سہ فریقی ٹرانزیٹ سمجھوتے پر گذشتہ برس ہندوستانی وزیراعظم کے دورہ ایران کے موقع پر ہندوستان، افغانستان اور اسلامی جمہوریہ ایران کے سربراہان مملکت نے دستخط کئے تھے-

واضح رہے کہ چابہار بندرگاہ، ہندوستان کے لئے بہت زیادہ اہمیت کی حامل ہے اور اس بندرگاہ کے ذریعے ہندوستان، افغانستان اور وسطی ایشیا تک رسائی حاصل کرسکے گا-