Apr ۲۶, ۲۰۱۷ ۱۹:۴۹ Asia/Tehran
  • کلبھوشن تک رسائی دینے کا ہندوستانی مطالبہ پھر مسترد

حکومت ہندوستان نے ایک بار پھر جاسوسی کے الزام میں سزائے موت پانے والے اپنی شہری تک قونصلر رسائی کا مطالبہ کیا ہے جسے پاکستان نے مسترد کر دیا ہے۔

پاکستانی میڈیا کے مطابق اسلام آباد میں متعین ہندوستانی سفیر گوتم بمباوالے نے پاکستان کی خارجہ سیکریٹری تہمینہ جنجوعہ سے ملاقات کرکے کلبھوشن یادو تک قونصلر رسائی دینے کا مطالبہ کیا تھا۔
ہندوستان کی حکومت اس سے پہلے بھی کئی بار پاکستان میں جاسوسی کے الزام میں موت کی سزا پانے والے اپنے شہری تک قونصل رسائی کی درخواست کرچکی ہے۔
رپورٹ کے مطابق پاکستان کی خارجہ سیکریٹری نے ایک بار پھر ہندوستانی سفیر کو بتایا ہے کہ ان کا ملک کلبھوشن یادوں تک قونصل رسائی نہ دینے کے فیصلے پر قائم ہے۔
حکومت پاکستان کا کہنا ہے کہ کلبھوشن یادیو ہندوستان کا حاضر سروس نیول افسر ہے اور وہ پاکستان میں دہشت گردی کی سرگرمیوں میں ملوث رہا ہے اس لیے مجرم کو ایسی رسائی نہیں دی جاسکتی۔
حکومت ہندوستان کا کہنا ہے کہ کلبھوشن یادیو بے قصور ہے اور اس کو غلط الزامات میں نامزد کیا گیا ہے۔
پاکستان کی ایک فوجی عدالت نے گزشتہ دنوں ہندوستانی شہری کلبھوشن یادیو کو پاکستان کی جاسوسی اور کراچی اور بلوچستان میں تخریبی کارروائیوں میں ملوث ہونے کے الزام میں پھانسی کی سزا سنائی تھی۔
پاکستانی حکام نے کلبھوشن یادیو کو گزشتہ سال مارچ میں بلوچستان کے علاقے ماشکیل سے گرفتار کیا تھا۔