May ۰۷, ۲۰۱۷ ۰۹:۵۹ Asia/Tehran
  • مذاکرات، مسئلہ کشمیر کا واحد حل

ہندوستان کے زیر انتظام کشمیرکی وزیراعلیٰ کا کہنا ہے کہ کشمیر کا مسئلہ صرف مذاکرات کے ذریعے ہی حل ہو سکتا ہے۔

محبوبہ مفتی نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر کا حل وہی حکومت نکال سکتا ہے جس کے پاس وسیع مینڈیٹ ہو اور اس وقت نریندر مودی کی حکومت کے پاس مینڈیٹ ہے۔ دوسری جانب نیشنل کانفرنس کے صدر اور ممبر پارلیمنٹ ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے وادی کشمیر کے موجودہ سیاسی اور امن و قانون کی صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ موجودہ حکومت کی غلط پالیسیوں اور غیر دانشمندانہ اقدامات کی وجہ سے یہاں کے حالات دگرگوں ہیں۔ طلباء و طالبات کو سڑکوں پر آنے کے لئے مجبور کیا گیا، تعلیمی نظام بری طرح متاثر ہورہا ہےاورحکمرانوں نے عوام کو حالات کے رحم و کرم پر چھوڑ کر خود اقتدار بچائے رکھنے کو ہی ترجیح دے رکھی ہے۔

ادھرفورسز نے ہندواڑہ میں طلبا کے خلاف طاقت کا استعمال کرتے ہوئے متعدد طلبا کو زخمی کر دیا، زخمیوں میں سے ایک طالبہ کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے جسے علاج کے لیے سرینگر کے ایک اسپتال میں منتقل کردیا گیا۔ واضح رہے کہ  کل ہندواڑہ ڈگری کالج کے طلبا نے پلوامہ اور دیگر علاقوں میں طلباکی گرفتاری اوران پر تشدد کے خلاف ایک احتجاج ریلی نکالناچاہی لیکن علاقے میں تعینات پولیس اہلکاروں نے انھیں منتشرکرنے کے لیے آنسو گیس کی شدید شیلنگ کی جس کے باعث متعدد طلباء زخمی ہوگئے۔

ٹیگس