May ۱۸, ۲۰۱۷ ۱۸:۱۷ Asia/Tehran
  • ہندوستان کی ایٹمی توانائی کے بارے میں پاکستان کا دعوی

پاکستان نے دعوی کیا ہے کہ ہندوستان کے پاس اتنی زیادہ مقدار میں ایٹمی مواد ہیں کہ جن سے وہ دوہزار چھے سو ایٹم بم تیار کر سکتا ہے

پاکستان کے دفتر خارجہ کے ترجمان نفیس زکریا نے جمعرات کو اپنے ایک بیان میں کہا کہ ایٹمی ہتھیارکے حامل ملکوں کے درمیان ہندوستان سب سے زیادہ تیزرفتاری کے ساتھ ایٹمی ہتھیار بنا رہا ہے جو جنوبی ایشیا کے امن اور استحکام کے لئے سنگین خطرہ ہے انہوں نے کہا کہ ہندوستان کی ایٹمی سرگرمیاں پاکستان کی قومی سلامتی کے لئے بھی تشویش کا باعث ہیں - واضح رہے کہ پاکستان اور ہندوستان دونوں ہی ایٹمی ہتھیار کے حامل ممالک ہیں - پاکستان کے دفتر خارجہ کے ترجمان نے ہیگ کی عالمی عدالت میں جاسوسی کے الزام میں گرفتار ہندوستانی شہری کو پاکستان میں پھانسی کی سزا سنائے جانے کے خلاف ہندوستانی درخواست پر سماعت کے بارے میں کہا کہ کلبھوش یادو کے معاملے میں ہیگ کی عدالت کو سماعت کا اختیار نہیں ہے - پاکستانی دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ ہم قومی سلامتی کے معاملات پرعالمی عدالت انصاف کا دائرہ کار تسلیم نہیں کرتے - پاکستانی دفتر خارجہ کے ترجمان کا کلبھوش یادو کے معاملے پر یہ بیان ایک ایسے وقت سامنے آیا ہے جب ہیگ کی عالمی عدالت نے اپنے فیصلے میں پاکستان سے کہا ہے کہ وہ حتمی فیصلہ آنے تک کلبھوشن کو پھانسی نہ دے - ہیگ کی عالمی عدالت نے پاکستان کا اعتراض خارج کرتے ہوئے حکم امتناع جاری کردیا ہے اور کہا ہے کہ عالمی عدالت اس معاملے کی سماعت کا اختیار رکھتی ہے- ہیگ کی عالمی عدالت کے جج نے فیصلہ سناتے ہوئے یہ بھی کہا کہ پاکستان کو کلبھوش یادو تک قونصلر رسائی دینی چاہئے -

 

ٹیگس