May ۱۹, ۲۰۱۷ ۱۷:۵۱ Asia/Tehran
  •  180 دلت خاندانوں کی جانب سے ہندو مذہب ترک کرنے کا اعلان

ہندوستان میں 180 دلت خاندانوں نے ہندو مذہب چھوڑ دیا ہے-

موصولہ رپورٹ کے مطابق ہندوستان کی ریاست اترپردیش کے سہارنپور ضلع میں ہوئے تشدد کے بعد بھیم آرمی پر پولیس کارروائی کی مخالفت میں 180 دلت خاندانوں نے بدھ مت اپنانے کا اعلان کیا ہے-

جن دلتوں نے ہندو مذہب چھوڑنے کا اعلان کیا ہے کہ انہوں نے نہر میں دیوی اور دیوتاؤں کی مورتیوں کو بہا دیا ہے-

ان کا کہنا تھا کہ دلت سماج پر ظلم ہو رہا ہے اور بھیم آرمی کے خلاف ہو رہی کارروائی بالکل غلط ہے، جس کی مخالفت میں وہ ہندو مذہب چھوڑ رہے ہیں-

ہندو مذہب چھوڑنے والے دلتوں کا کہنا ہے کہ سہارنپور میں تشدد کے معاملے میں بھیم آرمی اور دلت سماج کے لوگوں کے خلاف جو کارروائی ہو رہی ہے اس سے ان کا پورا سماج کافی مایوس ہے اور پورے معاشرے میں اس سلسلے میں زبردست غم و غصہ پایا جاتا ہے-

دلتوں کا یہ بھی کہنا ہے کہ بھیم آرمی کے لوگوں پر جھوٹے مقدمے درج کئے جا رہے ہیں-

بدھ مت اپنانے والوں نے الزام لگایا ہے کہ بھیم آرمی کو سازش کے تحت پھنسایا جا رہا ہے- دلت اور پسماندہ طبقے کے استحصال کے خلاف آواز اٹھانے والی بھیم آرمی کے بانی چندرشیکھر آزاد اور کارکنوں پر سنگین دفعات لگا کر جیل بھیجا جا رہا ہے، جو غلط ہے-

واضح رہے کہ بھیم آرمی کی حمایت کرتے ہوئے دلت سماج کے بہت سے لوگوں نے جمعرات کو ہندو مذہب چھوڑنے اور بدھ مت اپنانے کی وارننگ دی تھی-