May ۲۵, ۲۰۱۷ ۱۰:۳۰ Asia/Tehran
  • ایمنسٹی انٹرنیشنل کی تنقید

ایمنسٹی انٹرنیشنل نے زیرِ تفتیش فوجی افسر کی عزت افزائی کو ناقابل قبول قرار دیا ہے۔

بین الاقوامی انسانی حقوق کی تنظیم ایمنسٹی انٹرنیشنل کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر آکار پٹیل نے راشٹریہ رائفلز کے میجر نیتن گگوئی کو تمغۂ تعریف یا توصیف سے نوازے جانے پر سخت ردعمل ظاہر کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ کسی بھی زیرتفتیش یا زیر تحقیقات فوجی افسر یا اہلکار کی عزت افزائی کئے جانے سے یہ غلط تاثر چلا جائے گا کہ ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر میں تعینات سکیورٹی فورسز کو کشمیریوں کے خلاف انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی اجازت حاصل ہے اور اگر وہ ایسی کوئی بھی حرکت انجام دیتے ہیں تو اُنہیں کوئی سزا نہیں ملے گی۔

ایمنسٹی نے کہا کہ کسی بھی فوجی افسر کو جب یہ یقین ہوگا کہ کسی بھی نوعیت کی غلطی کے لئے اس کو نہ تو جواب دینا پڑے گا اور نہ کسی عدالت کا سامنا کرنا پڑے گا تو وہ آگے چل کر ایسی حرکات کا دوبارہ ارتکاب کرنے سے کبھی گریز نہیں کرے گا۔

واضح رہے کہ ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر میں فوج کے میجر نیتن گگوئی نے ایک کشمیری باشندے کو گاڑی کے آگے انسانی ڈھال کے طور پر باندھ دیا تھا جس پر اسے ہندوستانی فوج کے آرمی چیف نے انعام سے نوازا تھا۔ 

ٹیگس