May ۲۵, ۲۰۱۷ ۱۵:۵۴ Asia/Tehran
  • ہندوستان: سہارنپور میں نسلی تشدد کا سلسلہ جاری ،دفعہ 144 نافذ

ہندوستان کی سب سے بڑی ریاست اترپردیش کے سہارنپور ضلع میں جاری نسلی تشدد کی وجہ سے انتظامیہ نے شہر میں دفعہ ایک سو چواّلیس نافذ کر دی ہے-

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ صورتحال کو کنٹرول کرنے کے لئے انتظامیہ نے موبائل کمپنیوں کو میسج اور سوشل میڈیا پر روک لگانے کا حکم دے دیا ہے-

انتظامیہ کا کہنا ہے کہ سماج دشمن عناصر افواہ پھیلانے اور لوگوں میں خوف پیدا کرنے کے لئے انٹرنیٹ اور سوشل میڈیا کا استعمال کر رہے ہیں-

اس سے پہلے بدھ کو اترپردیش کی حکومت نے سہارنپور میں صورت حال کو کنٹرول کرنے میں ناکامی کی وجہ سے ڈی ایم اور ایس ایس پی کو سسپنڈ کر دیا تھا-

ادھر وزیراعلی یوگی آدتیہ ناتھ نے ریاست کے عوام سے اشتعال انگیز بیانات پر توجہ نہ دینے کی اپیل کی ہے- انہوں نے کہا کہ کچھ لوگ ریاست میں امن و سلامتی کی صورت حال خراب کرنے کی کوشش کر رہے ہیں-

اتر پردیش کے وزیر اعلی نے کہا کہ ریاستی حکومت ایسے سماج دشمن عناصر کا منصوبہ ہرگز کامیاب نہیں ہونے دے گی-