May ۲۵, ۲۰۱۷ ۲۰:۰۲ Asia/Tehran
  • ہندوستان کے زیرانتظام جموں و کشمیر اور ریاست بہار میں بسوں کے حادثے

ہندوستان کے زیرانتظام جموں و کشمیر میں پیکنیک منانے جا رہے اسکولی بچوں کی بس حادثے کا شکار ہو گئی جس میں اڑتیس اسکولی بچے ہلاک ہو گئے۔

ہندوستانی میڈیا رپورٹوں میں کہا گیا ہے کہ جموں و کشمیر کے پونچھ ضلع کے ایک پرائیویٹ اسکول کے چالیس سے زائد بچے بس سے پیکنیک منانے جا رہے تھے کہ اسی وقت اچانک یہ حادثہ پیش آیا-

بتایا جاتا ہے کہ یہ اسکولی بچے پیر کی گلی نامی مقام پر پیکنیک منانے جا رہے تھے- خبروں کے مطابق پونچھ میں مغل روڈ کے پاس ایک موڑ پر بس بے قابو ہو کر گہری کھائی میں جاگری-

ابھی تک حادثے کی صحیح وجوہات معلوم نہیں ہوسکیں-

حادثے میں متعدد اسکولی بچے زخمی بھی ہوئے ہیں جنھیں قریب کے اسپتالوں میں داخل کرا دیا گیا- مقامی حکام جائے حادثہ پر پہنچ گئے جبکہ پانچ سو میٹر گہری کھائی یا درّے میں امدادی کام جاری ہے-

دوسری جانب مشرقی ریاست بہار میں ایک چلتی بس میں اچانک آگ لگ جانے سے نو مسافر زندہ جل گئے-

ریاست بہار کے نالندا ضلع کے ہرنوت بازار کے پاس جمعرات کی شام ایک چلتی بس میں آگ لگ گئی جس میں نو افراد زندہ جل کر ہلاک جبکہ ایک در جن سے زائد لوگ زخمی ہو گئے- مقامی لوگوں نے آگ پر قابو پا لیا اور اس کو بجھانے میں کامیاب ہو گئے-