May ۲۶, ۲۰۱۷ ۰۹:۵۸ Asia/Tehran
  • سول سوسائٹی کے وفد کی کشمیری رہنماوں سے ملاقات

سول سوسائٹی کے وفد میں منی شنکر ائیر کے علاوہ او پی شاہ، کپل کاک ، ونود شرما ، خالد طفیل اور آئی ڈی کھجوریہ شامل تھے ۔

کانگریس کے سینئر لیڈر منی شنکر ایئر کی سربراہی والے 5 رکنی سول سوسائٹی گروپ نے جمعرات کو یہاں حریت کانفرنس کے دونوں دھڑوں کے سربراہان کے علاوہ ریاستی گورنر این این ووہرا اور وزیراعلیٰ محبوبہ مفتی سے بھی ملاقات کی۔

حریت کانفرنس (گ) چیئرمین سید علی گیلانی نے کانگریس کے سینئر لیڈر منی شنکر ایئر کی سربراہی والے 5 رکنی سول سوسائٹی گروپ سے کہا ہے کہ کشمیریوں کے ساتھ کئے گئے وعدوں کو جب تک پورا نہیں کیا جاتا اور ان کے حقِ ودارادیت کو واگزار نہیں کرایا جاتا، کشمیر میں امن بحال ہوگا اور نہ ہندوستان اور پاکستان کے مابین خوشگوار تعلقات قائم کرانے کا خواب پورا ہوسکتا ہے۔

حریت کانفرنس کے رہنما میرواعظ عمر فاروق نے ہندوستانی وفد کے ساتھ ہونے والی ملاقات میں وفد کے اراکین پر زور دیا کہ وہ یہاں کی اصل اور زمینی صورتحال سے ہندوستان کے عوام اور اس ملک کی سول سوسائٹی کو آگاہ کریں اور حکومتی سطح پر یہاں کے عوام کے خلاف جو معاندانہ طرزعمل اختیار کیا جا رہا ہے اور طاقت کے بل پرعوام کے جذبات و احساسات کو دبانے کی کوشش کی جا رہی ہے، اُس کے خلاف صدائے احتجاج بلند کریں۔

انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کو حل کرنے کے لئے ہندوستان، پاکستان اور کشمیری عوام کو مل بیٹھ کر ایک قابل قبول حل تلاش کرنا ہوگا ورنہ آپ دیکھ رہے ہیں کہ اسی مسئلہ کی وجہ سے آج اس خطے میں جو تناؤ اور کشیدگی کی صورتحال پیدا ہو رہی ہے اس سے یوں دکھائی دیتا ہے دونوں جوہری مملک جنگ کے دہانے پر پہنچ گئی ہیں۔

سول سوسائٹی کے وفد نے ریاستی گورنر این این ووہرا اور وزیراعلیٰ محبوبہ مفتی سے بھی ملاقات کی۔

راج بھون کے ایک ترجمان نے وفد کی گورنر سے ملاقات کی تفصیلات فراہم کرتے ہوئے بتایا کہ گورنر نے کشمیر میں امن و امان کی بحالی سے متعلق اپنی رائے دی ۔

ٹیگس