Jun ۱۹, ۲۰۱۷ ۱۲:۰۴ Asia/Tehran
  • کشمیرکے حالات کو معمول پرلانے کی کوششں

ہندوستان کے مرکزی وزیر نے کہا ہے کہ کشمیر کے حالات کو معمول پرلانے کی کوششں جاری ہے۔

ہندوستان کے مرکزی وزیر مملکت برائے امور داخلہ کرن رجیجو نے اتوار کو جموں میں ایس ایس بی کے زیر اہتمام کھیلے گئے فٹ بال ٹورنامنٹ ’اورجا‘ کے فائنل مقابلے کے موقع پر نامہ نگاروں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وادی میں امن وامان کے قیام کے لئے ریاستی حکومت کو ہر ممکن مدد فراہم کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر میں امن برقرار رکھنے اور معمول کے حالات بحال کرنے کے لئے مرکزی سرکار ہر ممکن مدد فراہم کرے گی اورملک کی سیکورٹی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ کوئی بھی حکمت عملی ریاست کی عوامی منتخب حکومت کے ساتھ مشاورت کے بعد ہی وضع کی جائے گی۔ انہوں نے کہا ریاستی حکومت صورتحال سے نمٹنے کی صلاحیت رکھتی ہے اور اسے مرکز کی طرف سے ہر قسم کی ضرورت مدد فراہم کی جائے گی۔ انہوں نے ضلع اننت ناگ کے اچھہ بل میں چھے پولیس اہلکاروں کی ہلاکت کی مذمت کرتے ہوئے کہا کوئی بھی سمجھدار انسان اس طرح کے وحشیانہ فعل کی مذمت کرے گا۔

دوسری جانب جنوبی کشمیر کے چار اضلاع اننت ناگ، پلوامہ، شوپیان اور کولگام میں ایک مسلح تصادم کے دوران دوعام شہریوں اور تین مقامی عسکریت پسندوں کی ہلاکت کے خلاف اتوار کو مسلسل دوسرے دن بھی ہڑتال سے عام زندگی مفلوج رہی۔ واضح رہے کہ 15 جون کی شام کو سری نگر کے مضافاتی علاقہ رنگریٹ میں سیکورٹی فورسز کی فائرنگ سے ایک نوجوان کی موت اور 16 جون کو جنوبی ضلع اننت ناگ کے آرونی میں عسکریت پسندوں اور سیکورٹی فورسز کے مابین ہونے والے مسلح تصادم جس کے دوران دو عام شہری اور تین عسکریت پسند ہلاک ہوگئےتھے جس کے بعد وادی میں حالات ایک بار پھر کشیدہ ہو گئے۔

ٹیگس