Jul ۱۳, ۲۰۱۷ ۲۱:۱۷ Asia/Tehran
  • ہندوستان نے چین  کی ثالثی کی پیشکش مسترد کردی

حکومت ہندوستان نے پاکستان کے ساتھ تعلقات کی بہتری کے لئے چین کی ثالثی کی پیشکش کو مسترد کردیا ہے۔

ہندوستان کی وزارت خارجہ کے ترجمان گوپال باگلے نے چین کی جانب سے ثالثی کی پیشکش مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہندوستان تمام مسائل پر پاکستان سے صرف دوطرفہ سطح کے مذاکرات کے لیے تیار ہے۔
اس سے قبل بدھ کو چین کی وزارت خارجہ کے ترجمان گینگ شوانگ ہیڈ نے کہا تھا کہ چین پاکستان اور ہندوستان کے مابین تعلقات بہتر بنانے کیلئے موثر کردار ادا کرنے کے لیے تیار ہے۔
ہندوستان کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ مذاکرات کے حوالے سے ہمارا موقف پوری طرح واضح ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم سب جانتے ہیں کہ  پاکستان اور ہندوستان کے درمیان اصل مسئلہ جموں کشمیر کا ہی ہے۔  
ہندوستان کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ ان کا ملک کشمیر سمیت تمام  مسائل پر پاکستان سے مذاکرات کیلئے تیار ہے لیکن یہ دوطرفہ ہوں گے۔