Jul ۱۴, ۲۰۱۷ ۱۶:۵۰ Asia/Tehran
  • کشمیر میں کیمیائی ہتھیاروں کے استعمال کا الزام مسترد

حکومت ہندوستان نے کشمیر میں ہندوستانی فوجیوں کی جانب سے کیمیائی ہتھیاروں کے استعمال کے الزامات کو مسترد کردیا ہے۔

ہندوستان کی وزارت خارجہ کے ترجمان گوپال باگلے نے جمعے کو نئی دہلی میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستانی فوج کی جانب سے کشمیریوں کے خلاف کیمیائی ہتھیاروں کے استعمال سے متعلق پاکستان کا دعوی بے بنیاد ہے۔
گزشتہ ہفتے پاکستان نے دعوی کیا تھا کہ ہندوستان کے زیرانتظام کشمیر میں ہندوستانی فوج نے عام شہریوں کے خلاف کیمیائی ہتھیار استعمال کیے ہیں۔
ہندوستان کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے، نئی دہلی اور اسلام آباد کے درمیان ثالثی کے لیے چین کی پیشکش کو بھی مسترد کردیا۔
بدھ کو چین کی وزارت خارجہ کے ترجمان گینگ شوانگ ہیڈ نے کہا تھا کہ چین پاکستان اور ہندوستان کے مابین تعلقات بہتر بنانے کی غرض سے موثر کردار ادا کرنے کے لیے تیار ہے۔
گوپال باگلے نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ مذاکرات کے حوالے سے ہمارا موقف تبدیل نہیں ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان کشمیر سمیت تمام متنازعہ مسائل کے بارے میں پاکستان کے ساتھ کسی ثالث کے بغیر دوطرفہ بات چیت کرنا چاہتا ہے۔

ٹیگس