Jul ۱۶, ۲۰۱۷ ۱۰:۰۰ Asia/Tehran
  • کشمیر کی صورتحال کو معمول پرلانے پر تاکید

ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر کی وزیراعلی نے اس ملک کے وزیر داخلہ سے ملاقات کی۔

محبوبہ مفتی نے کل ہندوستان کے وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ سے ملاقات کرکے وادی میں سلامتی کی صورتحال پر گفتگو کی۔ ملاقات کے بعد نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ مرکزی حکومت نے سلامتی کی کسی بھی صورتحال سے نمٹنے میں مکمل تعاون دینے کا یقین دلایا ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ریاست میں آئین کے آرٹیکل 370 کے تحت حکومت جاری رہے گی۔

راجناتھ کے ساتھ محبوبہ مفتی کی یہ ملاقات کشمیر میں امرناتھ یاتریوں پر دہشت گردانہ حملے کے پس منظر میں ہوئی ہے۔ دہشت گردانہ حملے کے بعد سے امرناتھ یاتریوں کی سلامتی یقینی بنانے میں ناکامی کے لئے حکومت دباؤ میں آچکی ہے۔

دوسری جانب جموں و کشمیر لبریشن فرنٹ کے علیل چیئرمین محمد یاسین ملک کوجنہیں 3 جولائی کو سینٹرل جیل سری نگر منتقل کیا گیا تھا  13 روز تک قید رکھنے کے بعد کل رہا کردیا گیا۔ ادھر سرینگر سے جاری اپنے ایک بیان میں حریت کانفرنس (گ) کے چیئرمین نے کہا کہ ہماری جدوجہد جائزاورحق پر مبنی ہے اور ہندوستان کو ہٹ دھرمی ترک کرکے مذاکرات کا راستہ اختیار کرنا چاہیے۔

ٹیگس